پاکستان فیشن انڈسٹری کے نئے رنگ

لاہور میں منقعدہ برائیڈل شو کے فن کار

برائیڈل شو اس وقت فیشن انڈسٹری کا سب سے اہم ایونٹس شمار ہوتا ہے۔ اس مرتبہ برائیڈل کیٹیور ویک 13 سے15اکتوبر تک لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منایا گیا
پاکستان میں جس ’معاشرتی تقریب ‘کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔۔ اور جس پر دل کھول کر اخراجات اور اہتمام کیا جاتاہے، وہ ’شادی کی تقریب‘ ہے۔ اس تقریب میں بھی سب سے زیادہ اہمیت دلہن کو دی جاتی ہے۔ دلہن ہی تقریب میں شریک ہر شخص کی نگاہ کا مرکز ہوتی ہے۔ دلہن کا عروسی جوڑا، اس کا میک اپ اور مسکراہٹ۔۔گویا ہر پہلو اور ہر چیز پر نظر رکھی جاتی ہے۔

اسی بنیادی نکتے کو لیکر آج کی فیشن انڈسٹری میں نئے سے نئے تجربات اور نئی سے نئی تخلیقات ہورہی ہیں۔بڑے بڑے پیمانے پربرائیڈل شوز یا ” برائیڈل کیٹیور ویک“ منائے جاتے ہیں۔ پچھلے دنوں کراچی میں اور رواں ہفتے لاہور میں بھی ایک ایسا ہی برائیڈل کیٹیور ویک 2012‘ منایا گیا ۔

لاہور میں برائیڈل شو


’ برائیڈل کیٹیور ویک2012‘سال میں دو بار منایا جاتا ہے ۔ پاکستان میں اس شو کومتعارف کرانے کا سہرا ”ہم“ ٹی وی نیٹ ورک کے سر ہے ۔ نیٹ ورک کی جنرل منیجر پبلک ریلیشنز شہناز رمزی نے وائس آف امریکہ کو اس شو کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ برائیڈل کیٹیورویک سے نہ صرف پاکستان میں عروسی لوازمات کی صنعت کو فائدہ پہنچتا ہے بلکہ یہ شو نئے اور تجربہ کار ڈیزائنرزکو ایک ایسا پلیٹ فارم بھی مہیا کرنا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے فن کو عوام تک پہنچاتے ہیں۔“

برائیڈل شو اس وقت فیشن انڈسٹری کا سب سے اہم ایونٹس شمار ہوتا ہے۔ اس مرتبہ برائیڈل کیٹیور ویک 13 سے15اکتوبر تک لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منایا گیا ۔ ان 3 دنوں میں گلیمر‘ فیشن شو ‘ رن وے اور تفریح سے بھرپور 6شوز پیش کئے گئے ۔اس سال 21ڈیزائنرز نے حصہ لیا جن میں سے کچھ کا تعلق پاکستان کے علاوہ بھارت اور عرب امارات سے تھا۔