|
بالی وڈ اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث مبینہ ملزم کی جیل میں پُراسرار موت ہوئی ہے جب کہ ملزم کے اہلِ خانہ نے قتل کا شبہہ ظاہر کیا ہے۔
بھارتی نیوز ایجنسی (اے این آئی) کے مطابق ممبئی پولیس کا دعویٰ ہے کہ مبینہ ملزم انوج تھاپن نے بدھ کو جیل میں خودکشی کی ہے۔
ممبئی پولیس نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ انوج تھاپن نے لاک اپ میں پھندا لگا کر خودکشی کی۔ ملزم کو جب قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کی۔
'اے این آئی' کے مطابق ممبئی پولیس نے 26 اپریل کو انوج تھاپن اور سونو کمار بشنوئی کو گرفتار کیا تھا۔ دونوں افراد پر بالی وڈ اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے دو حملہ آوروں کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام تھا۔
بھارتی نیوز چینل 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق انوج تھاپن کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انوج تھاپن کا جیل میں قتل ہوا ہے اور انہیں انصاف چاہیے۔
'این ڈی ٹی وی' کے مطابق کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) معاملے کی تحقیقات کرے گا۔
SEE ALSO: بالی وڈ پر انڈر ورلڈ کے سائے؛ کون کون سے فن کار نشانے پر آئے؟واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح دو موٹر سائیکل سوار افراد ممبئی میں سلمان خان کے اپارٹمنٹ کے باہر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے تھے۔ بعدازاں پولیس نے واقعے میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ممبئی کرائم پولیس نے فائرنگ کے الزام میں ساگر پال اور وکی گپتا کو گرفتار کیا تھا جب کہ دیگر دو ملزمان انوج تھاپن اور سونو سبھاش پر مرکزی ملزمان کو مبینہ طور پر اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کا تعلق 'لارنس بشنوئی گینگ' سے بتایا گیا تھا۔
گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
یاد رہے کہ لارنس بشنوئی کا شمار بھارت کے بڑے گینگسٹروں میں ہوتا ہے اور وہ اس وقت تہاڑ جیل میں قید ہیں۔
انتیس مئی 2022 کو بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے کے قتل کی ذمے داری بھی 'لارنس بشنوئی گینگ' کے ایک رکن نے قبول کی تھی۔