اگر آپ کسی انگریزی بولنے والے ملک میں پہنچ گئے ہیں، لیکن آپ کو انگریزی نہیں آتی تو کیا کریں گے؟ بہت سے لوگ لینگویج اسکول میں داخلہ لے لیتے ہیں۔
کلاس روم میں مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے لوگ جمع ہوتے ہیں جن کی مادری زبان، ثقافت، مذہب اور رویے ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔ عام اسکول سے انگریزی کے ماہر نکلتے ہیں۔ خاص اسکول سے مائنڈ یور لینگویج جیسے شاہکار نکلتے ہیں۔
1970 کی دہائی کے آخر میں برطانوی ناظرین کے لیے پیش کیا گیا مائنڈ یور لینگویج ہر دور کے مقبول ترین سٹ کامز میں سے ہے۔ اسے برطانیہ کے بعد پاکستان اور بھارت سمیت متعدد ملکوں میں پیش کیا گیا۔ چار سیزنز میں صرف بیالیس شو پیش کیے گئے۔ لیکن اس کے کردار ناظرین کے ہر گھر کا حصہ بن گئے۔ ان کی معصومیت، جذبات، مکالمے اور غلطیاں آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔
مائنڈ یور لینگویج کا مرکزی کردار جیریمی براؤن ایک استاد ہے جو مختلف ملکوں کے طلبہ کو انگریزی سکھانے کی کوشش کرتا ہے۔ شام کو تعلیم بالغاں کے اس اسکول میں پاکستان، بھارت، چین، جاپان، جرمنی، فرانس، یونان، اٹلی اور اسپین کے طالب علم پڑھنے آتے ہیں۔ سب اپنا وطن اپنے ساتھ لیے پھرتے ہیں اور اپنی قومی زبان کے الفاظ بھی اکثر بولتے ہیں۔
مسٹر براؤن کا کردار برطانوی اداکار بیری ایونز نے ادا کیا تھا جسے بہت پسند کیا گیا۔ بیری ایونز کا بچپن یتیم خانے میں گزرا، کیونکہ ان کی والدہ انھیں پیدا ہونے کے بعد کہیں چھوڑ گئی تھیں۔ انھوں نے بہت محنت سے اداکاری میں کریئر بنایا۔ لیکن 1997 میں صرف 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
بیری ایونز کے علاوہ اسکول کی سخت گیر پرنسل کا کردار ادا کرنے والی زارا نٹلے، چائے بنانے اور چغلیاں کرنے والی آئرس سیڈلر اور اسکول کی دیکھ بھال کرنے والے بلانوش ٹامی گاڈفرے بھی انتقال کرچکے ہیں۔
یہ بات دلچسپ ہے کہ کئی اداکاروں نے ان اقوام کی نمائندگی کی جس سے ان کا تعلق نہیں تھا۔ مثال کے طور پر پاکستان کے علی ندیم کا کردار ادا کرنے والے دینو شفیق بنگلادیشی تھے۔ خیر انھیں مشرقی پاکستانی قرار دیا جاسکتا ہے۔ لیکن چینی لڑکی چنگ سو لی کا کردار ادا کرنے والی پک سین لم کا تعلق ملائیشیا سے تھا۔ جاپانی شخص ٹارو کا کردار ادا کرنے والے رابرٹ لی چینی تھے۔
فرانسیسی حسینہ ڈینیئلے کا کردار ادا کرنے والی فرینکوئس پاسکل کا تعلق ماریشس سے ہے۔ بھارتی سکھ رنجیت سنگھ کا کردار نبھانے والے البرٹ موسیس دراصل سری لنکن تھے۔ وہ سکھ بھی نہیں تھے بلکہ مسیحی تھے۔ انھوں نے سیریز کے 13 شو پروڈیوس بھی کیے تھے۔
مائنڈ یور لینگویج کی چینی لڑکی پک سین لم نے جونی انگلش سیریز کی 2011 میں ریلیز ہوئی فلم جونی انگلش ری بورن میں بھی کام کیا تھا۔ لیکن برسوں پہلے سٹ کام دیکھنے والوں کے لیے انھیں پہچاننا مشکل تھا۔
سٹ کام میں گرم مزاج اطالوی طالب علم کا کردار جارج کیمیلر نے ادا کیا تھا۔ یہ وہی کیمیلر ہیں جنھوں نے فلم دی میسج میں ولید کا کردار ادا کیا تھا۔
اس سٹ کام میں صرف ایک خاتون جمیلہ ایسی تھیں جن کا حقیقی زندگی میں بھی جمیلہ ہی نام ہے۔ اپنے کردار کی طرح ان کا تعلق واقعی شملہ سے تھا۔ جمیلہ نے متعدد ڈراموں میں کام کیا اور کئی کتابیں بھی تحریر کیں۔ وہ اپنے شوہر کے ساتھ ویلز میں رہتی ہیں۔