لینڈنگ کے دوران ایئر انڈیا کے طیارے کو حادثہ

طیارے کی لینڈنگ کے دوران کیرالا میں بارش ہورہی تھی جس سے طیارہ دور تک پھسلتا چلا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں طیارے کا پائلٹ کیپٹن دیپک سیٹھ ، معاون پائلٹ اکھیلیش کمار اور چار بچے بھی شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا نے ابتدائی رپورٹس میں بتایا کہ پائلٹس نے طیارے کو دو مرتبہ رن وے پر اتارنے کی کوشش کی، مگر بارش کی وجہ سے طیارہ پھسل گیا جس کے سبب وہ جہاز پر کنٹرول نہ رکھ سکے۔
 

حادثے کے نتیجے میں جہاز دو ٹکڑے ہو گیا۔ پچھلے حصے کے مقابلے میں جہاز کا سامنے کا حصہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل ہو چکا ہے اور حادثے کے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
 

بھارت میں 2010 کے بعد پیش آنے والا یہ سب سے بڑا فضائی حادثہ ہے۔ مئی 2010 میں دبئی سے بھارت کے شہر مینگلور آنے والا طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس میں 158 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔
 

کیرالا کا کالی کٹ ایئر پورٹ رن وے پہاڑی علاقے میں واقع ہے اور رن وے کے دونوں طرف سو فٹ سے زیادہ گہری کھائیاں ہیں۔
 

حادثے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی جنہیں سیکیورٹی اہلکار پیچھے ہٹانے کی کوشش کرتے رہے۔



 

واقعے کے فوری بعد حکام حادثے کی جگہ پہنچ گئے۔ انہوں نے طیارے کا تفصیلی جائزہ لیا اور شواہد اکھٹے کیے۔