برطانیہ: اینجلینا جولی کے لیے اعلٰی شاہی اعزاز

ایجلینا جولی کو شاہی اعزاز جنگ زدہ علاقوں میں جنسی تشدد اور تنازعات کے دوران عصمت دری کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے خلاف مہم چلانے پر دیا گیا ہے۔
ہالی وڈ کی نامور اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب اینجلینا جولی کا نام ان افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جنھیں اس برس ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کے موقع پراعلی شاہی اعزاز 'ڈیم ہوڈ' ( Dame) سے نوازا گیا ہے۔

سال 2014 کے لیےجاری کردہ سرکاری اعزازت کی فہرست میں اداکارہ اینجلینا جولی کو ملکہ برطانیہ دوئم کی جانب سےاعزازی طور پر 'ڈیم' بنایا گیا ہے۔ اس طرح ہالی وڈ فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی وہ پہلی اداکارہ ہیں جنھیں برطانیہ کے اعلی ترین سول اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

​ اینجلینا جولی کو یہ اعزاز جنگ زدہ علاقوں میں جنسی تشدد اور تنازعات کے دوران عصمت دری کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے خلاف مہم چلانے اور دنیا کو اس حساس مسئلے سے متعلق آگاہی فراہم کرنے پر دیا گیا ہے۔


​جولی نے شاہی اعزاز حاصل کرنے پر ممنونیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارجہ امور کے حوالے سے یہ اعزاز میرے لیے بہت زیادہ معنی رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مقصد کے لیے میں اپنی پوری ورکنگ لائف وقف کرنا چاہتی ہوں میرے لیےعصمت دری کے متاثرین کے لیے کام کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ اس مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے شاید ایک عمر درکار ہو لیکن میں نے خود کو اس مقصد کے لیے وقف کر رکھا ہے۔

چونکہ اینجلینا جولی برطانوی شہری نہیں ہیں اس لیے انھیں ڈیم کے خطاب سے نہیں پکارا جاسکتا ہے۔ انھوں نے یہ خطاب اعزازی بنیادوں پر حاصل کیا ہے جسے وہ اپنے نام کے آخر میں استعمال کر سکتی ہیں۔

اینجلینا جولی ان دنوں برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کے ہمراہ تنازعات کے دوران جنسی تشدد کے خاتمے کی چار روزہ عالمی کانفرنس کی مشترکہ صدارت کر رہی تھیں جہاں انھوں نے کانفرنس میں شریک سوسے زائد ملکوں کے نمائندوں کے سامنے عصمت دری جیسے ظلم کی روک تھام کے حوالے سے خطاب کیا۔

ملکہ الزبیتھ دوئم کی جانب سےہر سال ان کی سالگرہ کے موقع پر ایک ہزار سے زائد خواتین اور حضرات کو ان کی خدمات پر مختلف خطابات واعزازت سے نوازا جاتا ہے جن میں اپنے شعبوں میں نمایاں مقام رکھنے والی شخصیات کے علاوہ ایک بڑی تعداد میں ایسے برطانوی شہریوں کو بھی ان کی خدمات کے بدلے میں اعزازت سے نوزا جاتا ہے جنھیں ان کی لوکل کمیونٹی سے باہر زیادہ لوگ نہیں جانتے ہیں۔

برطانیہ اور دولت مشترکہ کے اعلی ترین اعزازات 'داموسٹ ایکسیلینٹ آرڈر آف دا برٹش ایمپائر' سول اور فوجی ڈویژنوں میں پانچ کلاسوں میں دی جاتا ہےجن میں قومی سطح پر خدمات انجام دینے والے مردوں کو' نائٹ ہوڈ' اورخواتین کو ان کی خدمات کے صلے میں' ڈیم ہوڈ ' کےاعزاز سے نوازا جاتا ہے۔