بالی وڈ کے ویٹرن ایکٹر انوپم کھیر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے انہیں ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس لئے، اب وہ کراچی میں 5فروری سے شروع ہونے والے لٹریچر فیسٹیول میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
ادھر پاکستانی ہائی کمیشن نے ان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انوپم کھیر کی جانب سے ویزے کے لیے کوئی درخواست موصول ہی نہیں ہوئی، ویزا جاری کرنے کا معاملہ تو بعد کا ہے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ ادبی میلے میں شرکت کے لئے جن دیگر 17 ادیبوں اور فنکاروں نے درخواست دی تھی انہیں ویزا جاری کر دیا گیا ہے۔
انوپم کھیر نے’ ٹوئٹ‘ کیا ہے کہ وہ کراچی لٹریچر فیسٹیول میں شرکت کرنا چاہتے تھے جس سے پاکستانی عوام کے ذہن میں موجود غلط فہمیوں اور اختلافات کو دور کرنے میں مدد ملتی۔ لیکن اب ایسا نہیں ہوسکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ویزا نہ دیئے جانے کا سبب انہیں معلوم نہیں۔ مگر، شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ وہ کشمیری پنڈت ہیں یا پھر عدم برداشت سے متعلق ان کا موقف اس راہ میں رکاوٹ بنا ہو۔
ادھر بھارتی ٹی وی چینل ’این ڈی ٹی وی‘، ’سی این این۔ آئی بی این‘ اور ’ٹائمزناوٴ‘ سمیت متعدد چینلز انوپم کھیر کو ویزا نہ دیئے جانے سے متعلق خبریں دینے میں پیش پیش رہے، جبکہ خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل ایجنسی‘ اور بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے، ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا ‘سے گفتگو کرتے ہوئے، انوپم کھیر نے بتایا کہ”ایک سال کے دوران ویزا سے انکار کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔حکومت کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہئے۔ بھارت نے ہمیشہ پاکستانی آرٹسٹوں اور میوزیشنز کا خیر مقدم کیا ہے مگر اس کے برعکس حکومت پاکستان نے مجھے ویزہ دینے سے انکار کردیا ہے۔“
ویزے کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ جب میڈیا نے نئی دلی میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا تو ترجمان ہائی کمیشن منظور علی میمن کا کہنا تھا کہ”انوپم کھیر نے ویزے کے لئے درخواست ہی نہیں دی۔ غالباً انوپم کھیرکو ویزے کے طریقہ کار کا علم نہیں۔اگر انوپم کھیر نے ویزے کے لئے درخواست دی ہے تو رسید پیش کریں۔“