پاکستانی فلموں کی سنہری یادیں: ’ارمان‘کی خصوصی نمائش کا اہتمام

فلم ’ارمان‘ کی ایک اور خاص بات اس کا خوبصورت میوزک ہے۔ سہیل رانا نے جو لازوال میوزک تخلیق کیا وہ آج بھی سننے والوں کے کانوں میں رس گھول دیتا ہے۔ ’کو۔۔ کو۔۔ کورینا‘ کا شوخ و شنگ اور نٹ کھٹ انداز ہو یا ’اکیلے نہ جانا ہمیں چھوڑ کر تم‘ کی دل کو اداس کر دینے والی دھن ۔۔خوبصورت موسیقی کے شاہکار ہیں۔

پاکستانی سینما کا سنہرا دور سنہ 60 کے عشرے کا زمانہ تھا، جب پاکستانی فلموں کا جادو سر چڑھ کر بولتا تھا اور لوگ نئی فلم کا پہلا شو دیکھنے کے لئے رات سے ہی سینما کے باہر فٹ پاتھ پر ڈیرے جما لیتے تھے۔ اسی دور کی ایک یادگار اور سدا بہار رومینٹک فلم ’ارمان‘ بھی ہے۔

پاکستانی فلموں کے اس سنہرے دور کو خراج تحسین پیش کرنے اور مختلف منصوبوں کو پایہٴ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ’دی سٹیزن آرکائیو آف پاکستان‘ (کیپ) نے لاہور میں ہفتہ17 اکتوبر کو ایک شام سجانے کا اہتمام کیا ہے جس میں کلاسک فلم ’ارمان‘ دکھائی جائے گی اور’ریڈ کارپٹ‘ پر شوبز کی جانی مانی ہستیاں جلوہ بکھیریں گی۔

’کیپ‘ نے فلم ’ارمان‘ سے جڑے کچھ دلچسپ انکشافات بھی کئے ہیں مثلاً:

’ارمان‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی وحید مراد اور زیبا کی جوڑی پاکستانی سینما کی تاریخ کی مقبول ترین جوڑی ہے جس کا سحر آج بھی قائم ہے۔

’ارمان نے اپنے وقت میں باکس آفس کے کئی ریکارڈ ’پاش پاش‘ کئے۔ یہ فلم مسلسل 75ہفتوں تک سینما گھروں کی زینت بنی رہی اور یوں پلاٹینم جوبلی کرنے والی یہ پہلی پاکستانی فلم بن گئی۔

سنہ 1966 میں ہونے والے ’نگار ایوارڈز‘ میں ارمان نے مختلف شعبوں میں متعدد ایوارڈز جیتے جن میں بہترین فلم کا ایوارڈ بھی شامل تھا حالانکہ ’ارمان‘ بلیک اینڈ وائٹ فلم تھی۔

فلم ’ارمان‘ کی ایک اور خاص بات اس کا خوبصورت میوزک ہے۔ سہیل رانا نے جو لازوال میوزک تخلیق کیا وہ آج بھی سننے والوں کے کانوں میں رس گھول دیتا ہے۔

’کو۔۔کو۔۔کورینا‘ کا شوخ و شنگ اور نٹ کھٹ انداز ہو یا ’اکیلے نہ جانا ہمیں چھوڑ کر تم‘ کی دل کو اداس کر دینے والی دھن۔۔خوبصورت موسیقی کے شاہکار ہیں۔

’اکیلے نہ جانا‘ میں پاکستانی فلموں کی تاریخ میں سب سے بڑا آرکسٹرا استعمال کیا گیا، جس میں 65 میوزیشنز نے حصہ لیا تھا۔

فلم ’ارمان‘ کی کہانی ’جین آئر‘، ’سینڈریلا‘، ’دی ٹیمنگ آف دی شریو‘ اور ’یوتھرنگ ہائٹس‘ جیسی انگریزی تخلیقات سے متاثر ہوکر لکھی گئی تھی۔