’بیٹ مین ورسز سپرمین‘ کئی ریکارڈز بنانے میں کامیاب

گلوبل باکس آفس کی بات کی جائے تو "سپرمین ورسز بیٹ: ڈان آف جسٹس" چین، برطانیہ سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں 40 ہزار اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کی گئی۔

ہالی وڈ کے دو سپر ہیروز کی کشمکش اور ٹکراوٴ پر بنی فلم ”بیٹ مین ورسز سپرمین“ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرکے بہت سے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق ”بیٹ مین ورسز سپرمین: ڈان آف جسٹس“ نے ریلیز کے پہلے ویک اینڈ میں 170 ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کرکے اوپننگ ویک اینڈ کی سب سے زیادہ کمائی کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا ہے۔

یہی نہیں بلکہ ”بیٹ مین ورسز سپرمین“ مارچ کے مہینے میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی اور ریلیز کے ابتدائی ویک اینڈ میں امریکی باکس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی چھٹی فلم بھی بن گئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’آئی جی این‘ کا کہنا ہے کہ "بیٹ مین ورسز سپرمین" نے ایسٹر ویک اینڈ پرسب سے زیادہ کمائی کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

زیک سینڈر کی ڈائریکشن میں بنی فلم کی کاسٹ میں بین ایفلک، ہنری کاویل، ایمی ایڈمز، جیسی آئزن برگ جیسے اسٹارز موجود ہیں۔

فلم میں پہلی بار ہالی وڈ کے دو سپر ہیروز کو شائقین فلم نے آمنے سامنے ایکشن میں دیکھا اور پسند کیا۔

"بیٹ مین ورسز سپرمین: ڈان آف جسٹس" کی کہانی ایک ایسے جرائم پیشہ شخص کی ہے جو اپنے فائدے اور سپرمین کو شکست دینے کے جنون میں بیٹ مین کو اپنا مقصد حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے اور دونوں سپر ہیروز کو ایک دوسرے کے مقابل لا کھڑا کرتا ہے۔

گلوبل باکس آفس کی بات کی جائے تو "سپرمین ورسز بیٹ: ڈان آف جسٹس" چین، برطانیہ سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں 40 ہزار اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کی گئی۔

فلم وارنر برادرز کی جانب سے ڈی سی کامک کرداروں پر بنائی جانے والی پہلی فلم ہے۔ آئندہ پانچ برسوں میں وارنر برادرز کامک کرداروں پر مشتمل مزید نو فلمیں نمائش کے لیے پیش کرے گا۔

یہاں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ ریلیز سے قبل "بیٹ مین ورسز سپرمین" کو ناقدین کی شدید تنقید کا سامنا تھا اور بہت سے تجزیہ کاروں نے دو سپر ہیروز کے ایک ساتھ جلوہ گرہونے کو ناکام تجربہ قراردیا تھا۔