امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرین کی معاشی افزائش کے لئے تاریخی مواقع سے فائدہ اٹھانا دنیا کی ذمہ داری ہے۔
اُن کے بقول، ’یہ یوکرینی عوام کے لئے آخری موقع ہوسکتا ہے کہ وہ معاشی خوشحالی اور یورپ کا حصہ بن کر عوامی جمہوریت کو مستحکم کرسکیں‘۔
امریکی نائب صدر جو بائیڈن سوموار کو یو ایس چیمبر آف کامرس کے ’یو ایس یوکرین بزنس لیڈر فورم‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ فورم یوکرینی معیشت کی بہتری کے لئے دو طرفہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لئے قائم کی گئی ہے۔ 2014ء کے انقلاب کے بعد دو بزنس کمیونٹی کی سرکاری سطح پر یہ پہلی ملاقات تھی۔
قبل ازیں، یوکرینی وزیر اعظم آرسنی یاٹسنیوک نےفورم سے خطاب میں کہا تھا کہ یوکرینی اور امریکی دنیا کو حقیقی آزادی سے ہمکنار کرنے کے لئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
یوکرینی وزیر اعظم نے کریڈیٹ ریٹنگ کےاداروں سے تعاون اور اشتراک کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ یوکرین کامیابی کی کنجی ثابت ہوگی۔
انھوں نے کرپشن کے مسئلے کا بھی ذکر کیا اور اعتراف کیا کہ تمام مسائل کی جڑ کرپشن ہی ہے۔ لیکن، اس سے نمٹنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
بقول وزیر اعظم یاتسینیوک، ’برائے مہربانی امریکی سرمایہ کار کود پڑیں۔ یوکرین میں آپ کو دیکھ کر ہمیں خوشی ہوگی۔‘
وزیر اعظم سے قبل امریکی وزیر تجارت، پینی پریٹز نے اس موقع پر کہا کہ یوکرینی قائدین ایک جامع اور تجارت دوست ایجنڈے پر امریکی بزنس قائدین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔