ممبئی پولیس نے درست درازی کے الزامات پر بالی وڈ کے ویٹرن اداکار الوک ناتھ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ الوک ناتھ کے خلاف ایک مہینہ پہلے رائٹر ونتا نندا نے شکایت درج کرائی تھی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ونتا نندا نے الوک ناتھ کے خلاف 17 اکتوبر کو شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد الوک ناتھ نے ونتا نندا پرجواباً ساکھ اور شہرت کو نقصان پہنچانے پر ایک روپیہ ہرجانے اور تحریری معافی مانگنے کا کیس درج کرایا تھا۔
دیگر باتوں کے علاوہ ونتا نندا نے الوک ناتھ پر 19 سال قبل ان کے ساتھ زیادتی کا الزام عائد کیا جب یہ دونوں ایک پروجیکٹ میں ساتھ کام کررہے تھے۔ الوک ناتھ نے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
رواں ماہ کے آغاز پر سینے اینڈ ٹی وی آرٹسٹ ایسوسی ایشن نے ریپ کے الزامات سامنے آنے پربالی وڈ فلموں میں ’آدرش بابوجی‘ کے کرداروں کے لئے مشہورالوک ناتھ کی رکنیت منسوخ کردی تھی۔
خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف عالمی مہم ’می ٹو‘ سے جڑے الوک ناتھ کے خلاف مقدمہ درج کرانے والی رائٹر ونتا نندا کا کہنا ہے:
’میں انتقام نہیں لینا چاہتی تھی۔ میں اصلاح چاہتی ہوں انتقام نہیں۔ کچھ پچھتاوا کوئی احساس جرم تو ہو۔میں چاہتی ہوں کسی عورت کے ساتھ وہ نہ کریں جوآپ نے میرے ساتھ کیا۔ لیکن جو ہم دیکھ رہے ہیں وہ حقائق کو جھٹلانا اور بے شرمی کا رویہ ہے۔ میں انصاف کے حصول کے لئے اپنی لڑائی آخری حد تک لے کرجاؤں گی۔‘
نندا کا یہ بھی کہنا تھا کہ می ٹو مہم نے قوم کے ضمیرکو جگانے کا کام اور بطور شہری اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا ہے۔