بھارت میں بالی وڈ اداکارشکتی کپور کے بیٹے سدھانت کو منشیات لینے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے شکتی کپور کے بیٹے کو بینگلورو شہر میں منشیات کا ٹیسٹ مثبت آنے کےبعد گرفتارکیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک اطلاع پر پولیس نے اتوار کی شب بینگلورو کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود 35 مہمانوں کا میڈیکل ٹیسٹ کیا ، جس میں سدھانت کپور سمیت چھ افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
رپورٹ کے مطابق سدھانت کپور کو پارک ہوٹل کے پب میں منعقدہ ایک پارٹی میں بطور ڈی جے بلایا گیا تھا جہاں انہوں نے مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کیا۔
مزید پڑھیے آریان خان کیس: اینٹی نارکوٹکس کا گواہ منحرف، 18 کروڑ کی رشوت کا الزامسینتیس سالہ اداکار سدھانت کپور کئی بھارتی فلموں میں کام کر چکے ہیں جن میں شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا، حسینہ پارکر اور جذبہ شامل ہیں۔ انہوں نے کرائم تھریلر ویب سریز 'بھوکال' میں بھی کام کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ جنرل پولیس ایسٹ ڈویژن بھیما شنکر ایس گیولڈ کا کہنا ہے کہ سدھانت کپور سمیت مجموعی طور پر چھ افراد کو منشیات کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے بقول تمام افرادکو 'این ڈی پی ایس' ایکٹ کے تحت چارج کیا گیا ہے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس نے سال 2020 میں بینگلورو میں قائم کناڈا فلم اسٹری میں منشیات کے استعمال کا پتا لگایا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے راگنی دویودی، سنجنا گلرانی اور سابق وزیر جیوراج الوا کے بیٹے ادتیا الوا کو بھی گرفتار کیا تھا۔
خیال رہے کہ سدھانت کپور کی بہن شردھا کپور سے سال 2020 میں نارکوٹس بیورو نے تفتیش کی تھی، جو اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے موت کے بعد منشیات کیس سے متعلق تھی۔ اس پوچھ گچھ کے دوران شردھا کپور نے منشیات کے استعمال کو مسترد کردیا تھا لیکن الزام لگایا تھا کہ سوشانت منشیات کا استعمال کرتا تھا۔