بالی وڈ راؤنڈ اپ؛ بھول بھلیاں 3 اور سنگھم اگیم کا شان دار بزنس، نوجوت سنگھ سدھو کی کپل شرما شو میں انٹری

  • روہت شیٹی کی معروف فرنچائز 'سنگھم' کی تیسری فلم 'سنگھم اگین' ریلیز ہونے کے دسویں دن تک بھارت سے 206.50 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر لیا ہے۔
  • کارتک آریان کی ہارر کامیڈی فلم بھول بھلیاں تھری نے دوسرے پارٹ کا ریکارڈ توڑ دیا۔
  • بھارتی سیاست دان سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے حال ہی میں اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک کلپ شیئر کی ہے جس میں 'دی کپل شرما' شو میں دیکھا گیا ہے۔

ویب ڈیسک--بالی وڈ باکس آفس پر ان دنوں ہارر کامیڈی فلم فلم بھول بھلیاں تھری اور ایکشن فلم سنگھم اگین کا راج ہے۔

دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی دونوں ہی فلمیں سنیما گھروں میں اچھا پرفارم کر رہی ہیں۔

دوسری جانب بھارت کے معروف کامیڈی شو 'دی کپل شرما شو' میں نوجوت سنگھ سدھو کی انٹری نے مداحوں کو پُرجوش کر دیا ہے۔

ان تمام تر اپ ڈیٹس کی تفصیلات جانتے ہیں بالی وڈ راؤنڈ اپ میں۔

سنگھم اگین 200 کروڑ کلب میں شامل

روہت شیٹی کی معروف فرنچائز 'سنگھم' کی تیسری فلم 'سنگھم اگین' ریلیز ہونے کے دسویں دن تک بھارت سے 206 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر لیا ہے۔

بھارتی فلموں کے کاروبار کے اعداد و شمار جاری کرنے والی میڈیا کمپنی سیک نلک کے مطابق 'سنگھم اگین' نے یکم نومبر سے لے کر 10 تاریخ تک 206.50 کروڑ روپے کمائے ہیں۔

'سنگھم اگین' میں کرینہ کپور، ڈپیکا پڈوکون، اجے دیوگن، رنویر سنگھ، اکشے کمار، ٹائیگر شروف اور ارجن کپور نے اداکاری کی ہے۔

سنگھم فرنچائز کی پہلی فلم 2011 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد 2014 میں سنگھم ریٹرنز ریلیز ہوئی تھی۔

یہ دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھیں۔

بھول بھلیاں تھری نے بھول بھلیاں ٹو کا ریکارڈ توڑ دیا

کارتک آریان کی ہارر کامیڈی فلم بھول بھلیاں تھری نے دوسرے پارٹ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

یکم نومبر جو ریلیز ہونے والی فلم نے 10 روز کے اندر 199.50 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔

سیک نلک کے اعداد و شمار کے مطابق بھول بھلیاں ٹو نے 184.32 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔

اب بھول بھلیاں تھری کارتک آریان کے کریئر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔

'بھول بھلیاں تھری' میں کارتک آریان کے ساتھ ساتھ ودیا بالن نے بھی اداکاری کی ہے جنہوں نے پہلے پارٹ میں مونجولیکا کا کردار ادا کیا تھا۔

کامیڈی ہارر فرنچائز کا پہلا حصہ 2007 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اداکار اکشے کمار، ودیا بالن اور راجپال یادو سمیت دیگر نے اداکاری کی تھی۔

بعد ازاں 2022 میں فلم کا دوسرا پارٹ ریلیز ہوا تھا جس میں کارتک آریان، تبو اور کیارا اڈوانی کو فرنچائز میں شامل کیا گیا تھا۔

کیا نوجوت سنگھ سدھو کپل کے شو میں واپس آ گئے ہیں؟

بھارتی سیاست دان سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے حال ہی میں اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک کلپ شیئر کی ہے جس میں 'دی کپل شرما' شو میں دیکھا گیا ہے۔

اس کلپ کے سوشل میڈیا پر آتے ہیں مداح پُر جوش ہو گئے ہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو کئی برسوں تک بھارت کے معروف کامیڈی شو 'دی کپ شرما' شو کا حصہ رہے ہیں۔

بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو نے 2019 میں کپل شرما شو کو خیرباد کہا تھا۔

ان کے 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے پر تبصرے کے سبب انہیں خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نوجوت سنگھ سدھو نے اس حملے کے بعد کہا تھا کہ ہمیں دہشت گردی کو پورے ملک سے نہیں جوڑنا چاہیے اور بات چیت کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

اس تبصرے کے بعد ان پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوا اور انہیں کپل شرما شو سے ہاتھ دھونا پڑا۔

تاہم 'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو شو کی نئی آنے والی قسط میں بحیثیت مہمان ہی شرکت کریں گے۔ البتہ شو کب ریلیز ہو گا اس کی تاریخ کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

بھارت کا معروف کامیڈی شو 'دی کپل شرما شو' او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جا رہا ہے۔