برطانوی باکسر عامر خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے

انھوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ، فریال بہت خوبصورت ہے لہذا میں نے سوچا کہ اس سے پہلے کے باکسنگ کے مقابلوں میں چوٹیں گھاتے گھاتے میری شکل کا زاویہ بگڑ جائے مجھے جلد از جلد شادی کر لینی چاہیے ۔
گزشتہ ہفتے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی شادی فریال مخدوم کے ساتھ نیویارک میں نہایت دھوم دھام سے انجام پائی ۔
21 سالہ فریال مخدوم نیویارک کے ایک پاکستانی بزنس مین شوکت حسین کی بیٹی ہیں جب کہ 2 بار ورلڈ باکسنگ چمپئین کا اعزاز جیتنے والے عامر خان مانچسٹر(بولٹن) میں پلے بڑھے ہیں۔

گزشتہ برس عامر اور فریال کی منگنی کی رسم مانچسٹر میں نہایت دھوم دھام سے ادا کی گئی تھی۔
شادی کی تقریب کے حوالے سے برطانوی میگزین' ہیلو ' لکھتا ہے کہ ، نیویارک کا تاریخی ہوٹل 'والڈورف آسٹوریا ' کی سجاوٹ پر کسی مغلیہ دربار کا سا گمان ہو رہا تھا۔ دولہا عامر خان بھاری کامدار سرخ شیروانی ،کلاہ اور ہاتھ میں گولڈن تلوار اٹھائے ہوئے کسی شہزادے سے کم نہیں لگ رہے تھے ۔
ماحول کی خوبصورتی میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب انتہائی دیدہ زیب سرخ اور گولڈن شرارہ سوٹ کے ساتھ میچنگ جیولری میں فریال اپنی سہلیوں کی جھرمٹ میں اسٹیج تک آئیں۔
عامر اور فریال کے نکاح کی رسم ایک روز قبل مہندی کی تقریب میں ادا کی جا چکی تھی۔ مہندی کی تقریب کے حوالے سے فریال نے بتایا کہ، انھیں اس روز کا انتطار اپنی شادی کی تقریب سے بھی زیادہ تھا کیونکہ یہ ایک ہلا گلے کی رات ہوتی ہے جس میں سب انجوائے کرتے ہیں لیکن شادی کا دن خوشی کے ساتھ ساتھ دکھی بھی کر دیتا ہے جب ایک لڑکی کو اپنا گھر چھوڑ کر کسی دوسرے کےگھر جانا ہوتا ہے ۔
مہندی کی تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس روز باکسر عامر خان نے اپنے دوستوں کے ساتھ ڈانس کیا جس کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ ، مجھے ڈانس کرنا بالکل نہیں آتا ہے ڈانس کی تربیت میں نے بالی وڈ کے ایک کوریوگرافر سے حاصل کی اور فریال کی فرمائش پر پہلی بار سب کے سامنے ڈانس کیا جسے حاضرین کے علاوہ سب سے زیادہ فریال نے سراہا ۔
فریال نے بتایا کہ انھیں یاد ہے کہ جب وہ پہلی بار نیو یارک کےاس مہنگے ہوٹل والڈورف آسٹوریا میں اپنے خاندان کے ہمراہ آئی تھیں تو ہوٹل کی سجاوٹ اور اعلی ذوق سے بے حد متاثر ہوئی تھیں یہ بات ان کے والد بھی جانتے تھے یہ ہی وجہ تھی کہ میری شادی کی تقریب کے لیے میرے والد نےاسی ہوٹل کا انتخاب کیا ۔
فریال نے کہا کہ ان کی عامر سے پہلی ملاقات کافی فلمی تھی جو نیویارک کے ایک ریسٹورنٹ میں ان کے مشترکہ دوست کے توسط سے ہوئی تھی جب کہ اس سے قبل انھوں نے عامر خان کو تصویروں میں دیکھا تھا ۔
دوسری طرف عامر نے بتایا کہ، انھوں نے پہلی ملاقات میں ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ، وہ فریال کو اپنا شریک حیات بنائیں گے۔ انھوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ، فریال بہت خوبصورت ہے لہذا میں نے سوچا کہ اس سے پہلے کے باکسنگ کے مقابلوں میں چوٹیں کھاتے کھاتے میری شکل کا زاویہ بگڑ جائے مجھے جلد از جلد شادی کر لینی چاہیے ۔
جرنلزم اور پولیٹکل سائنس کی طالبہ فریال نے بتایا کہ انھیں لگتا تھا کہ ،جو لڑکیاں کم عمری میں شادی کر لیتی ہیں وہ کافی بےوقوف ہوتی ہیں جو اسکول یا کالج کی زندگی کو خیر باد کہہ کر اتنی جلدی ذمہ داری قبول کر لیتی ہیں لیکن انھوں نے کہا کہ ان کے معاملے میں بھی ایسا ہی ہوا جس پر انھیں حیرت ہوتی ہے لیکن یہ قدرت کی مرضی تھی ۔
عامر نے کہا کہ وہ اپنے شادی کے فیصلے سے مطمئین ہیں مجھے لگتا ہے کہ، میں نے شادی کا فیصلہ صحیح وقت پر کیا ہےاور اب ایک شادی شدہ ذمہ دار زندگی سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں ۔ جس میں انھیں اپنے دوستوں سے زیادہ وقت فریال کے ساتھ گزارنا ہو گا انھوں نے کہا کہ ، فریال ایک سمجھدار لڑکی ہے جس کا ساتھ مجھے میرے پروفیشن میں مزید آگے بڑھنے میں مدد دے گا ۔
فریال نے کہا کہ ، ہم دونوں ینگ ہیں اور ایک دوسرے کے اچھے دوست ہیں ۔میرے لیے یہ ایک خوشی کی بات ہے کہ، میں ایک ایسے شخص کے ساتھ زندگی کا سفر شروع کرنے جا رہی ہوں جومجھے بہت عزیز ہے آج سے میری زندگی میں ایک نیا باب کھلنے جا رہا ہے ۔
باکسر عامر خان اپنی دلہن کے ہمراہ منگل کے روز واپس مانچسٹر پہنچ گئے ہیں جہاں انھوں نے اپنی نئی نویلی دولہن کو ایک قیمتی گاڑی تحفے میں دی ہے۔
عامر نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر مرسیڈیز کار کی تصویر کے نیچے لکھا ، ایک چھوٹا سا تحفہ فریا ل کے لیے۔۔۔ ہم تمھیں سکھا دیں گے کہ دائیں ہاتھ سےڈرائیونگ کس طرح کی جاتی ہے۔
برطانوی روزنامے سن کے مطابق اتوار9 جون کوعامر خان کی جانب سے ولیمے رسیپشن کی ایک تقریب منعقد کی جا رہی ہے ۔ جس میں چار ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔