آسکرز ایوارڈز کی طرح جس فلمی میلے کا فلمی جگت سے جڑے افراد سال بھر شدت سے انتظار کرتے ہیں وہ فرانس کے خوبصورت ساحلی شہر کانز میں سجنے والا کانز فلم فیسٹول ہے جو اس بار اپنی 70 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔
’کانز فلم فیسٹول 2017‘ اپنی تمام تر رعنائیوں اور جگمگاہٹوں کے ساتھ پوری آب و تاب سے جاری ہے۔
ریڈ کارپٹ پر حسب معمول دنیا بھر کی فلم انڈسٹری کے ستاروں نے جلوے بکھیرے اور نت نئے ملبوسات اور ہیر اسٹائل ومیک اپ کے ساتھ ’شٹربگز‘ یعنی کیمروں کے لئے خوب خوب پوز دئیے۔
سب کے ساتھ ساتھ ہر سال کی طرح اس بار بھی بالی وڈ کے ستارے کانز فلم فیسٹول کی رونقوں کا حصہ ہیں۔
ایشوریا رائے کو کانز فلم فیسٹول میں شرکت کرتے ہوئے یہ پندرہواں سال ہے۔ آسکر ایوارڈ یافتہ بالی وڈ کے موسیقار اے آر رحمٰن بھی کانز فلم فیسٹول میں شریک ہیں۔
دپیکا پڈکون کا گہرے سبز رنگ کا اسٹائلش لباس سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
جولیئن مور، ایلی فیننگ،وِل اسمتھ، جسیکا چیسٹیئن ، للِی رو ڈیپ، اوما تھرمین، بیلا ہدید، ماریئن کورٹیلارڈ، پیڈرو ایلموڈور، پارک چیک وورک اور گیبریل یررڈ بھی کانز فلم فیسٹول میں چار چاند لگانے والوں میں شامل ہیں۔
ہسپانوی فلم ڈائریکٹر اور اسکرین رائٹر پیڈرو کانز فلم فیسٹیول جیوری کے صدر ہیں جبکہ مشہور ہالی وڈ اسٹار ول اسمتھ جیوری ممبران میں شامل ہیں۔
فیسٹول 17 مئی کو شروع ہوا جو 28 مئی تک جاری رہے گا۔فیسٹیول میں ایوارڈ جیتنے کی دوڑ میں 25 فلمیں شریک ہیں۔ میلے کے ہر روز نئی نئی فلمیں پیش کی جا رہی ہیں جن کی کاسٹ بھی مداحوں کے درمیان ہے۔
برطانو ی اخبار دی سن، خبروں کی ایجنسی رائٹرز اور دیگر میڈیا کے مطابق’ وونڈر اسٹرک‘، ’دی کلنگ آف اے سکریڈ ڈئیر‘، ’جوپیٹرز مون‘، ’ریڈئنس‘، ’لولیس‘ ، ’گڈ ٹائمز‘ اور دیگر فلمیں ٹرافی جیتنے کے لئے ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں۔
فلم ’کلیئرز کیمرہ‘، ’پرومسڈ لینڈ‘، ’سی سور‘ سمیت بارہ فلموں کی خصوصی اسکریننگ کی جائے گی۔