کلاس روم سے 'بکنگھم پیلس' کی سیر

دارالحکومت لندن میں واقع کوئن الزبتھ دوئم کا شاہی محل برطانیہ کا پہلا تاریخی مقام ہے جسے 'گوگل ایکسپیڈیشن پائنیر پروگرام' میں پیش کیا جارہا ہے ۔

ملکہ برطانیہ کا گھر یعنی 'بکنگھم پیلس' کی سیاحت کا خواب پورا کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے، لیکن گوگل کے ایک ورچوئل رئیلئٹی منصوبے کے تحت اب دنیا بھر کے اسکولوں کے بچوں کو یہ موقع دیا جا رہا ہے، کہ وہ اس عظیم الشان محل کی کلاس روم بیٹھے بیٹھے سیر کریں۔

دارالحکومت لندن میں واقع کوئن الزبتھ دوئم کا شاہی محل برطانیہ کا پہلا تاریخی مقام ہے جسے 'گوگل ایکسپیڈیشن پائنیر پروگرام' میں پیش کیا جا رہا ہے۔

اس پروگرام میں حصہ لینے والے اسکولوں کے بچوں کو کلاس روم میں بیٹھے بیٹھے بکنگھم پیلس کا حقیقت سے قریب تر ورچوئل دورہ کرائے جائے گا، جہاں وہ محسوس کریں گے کہ وہ حقیقت میں بکنگھم پیلس میں موجود ہیں۔

موبائل فون کی ایک خاص اپلی کیشن، گوگل کارڈ بورڈ گاگلز اور اسمارٹ فون کا استعمال کرتے ہوئے طلبہ کی بکنگھم پیلس کے صدر دروازے سے گرینڈ سیڑھیوں کے ذریعے تخت روم، تصویر گیلری یا نگار خانہ، سبز ڈرائنگ روم، بال روم اور سفید ڈرائنگ روم کی طرف رہنمائی کی جائے گی۔

اس دورے میں طلبہ شاہی محل کے عظیم الشان دروازے کے 104 ماربل پلرز اور گرینڈ پیانو کے ساتھ ساتھ خوبصورت آرٹ، فرنیچر اور پرتعیش سجاوٹ کی اشیاء کے مجموعہ سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔

بکنگھم پیلس کا ورچوئل دورہ گوگل کے 150 وی آر دوروں میں سے ایک ہے۔

جو موبائل فون کی ایک فری ایپ پر اس پروگرام میں حصہ لینے والے پانچ لاکھ طلبہ کے لیے دستیاب ہے۔

ان بچوں کا تعلق امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سنگا پور، ڈنمارک اور سویڈن کے اسکولوں سے ہے جب کہ منصوبے کی توسیع کے ساتھ دوسرے ممالک کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔

گوگل کے دوسرے ورچوئل دوروں میں مریخ کا سفر، پانی کے اندر، چین کی عظیم دیوار وغیرہ کا دورہ شامل ہے۔

رائل کلیکشن ٹرسٹ سے منسلک آرڈینینس شعبے کی ڈائریکٹر جمائما ریلی نے کہا کہ ورچوئل حقیقت مکمل طور پر بچوں کے لیے ایک مختلف تجربہ ہو گا۔ یہ بکنگھم پیلس کے حقیقی دورے کی جگہ تو نہیں لے سکتا ہے لیکن، یہ ایک بہترین متبادل دورہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اس دورے کے لیے محل کے اندر تصاویر کی ایک سیریز لی گئی ہے، جس میں 16 لینز والے کیمرے کے ساتھ محل کے ہر ایک کمرے میں 60 سکینڈ کا ایک شاٹ لیا گیا ہے، اور پھر ان تصاویر کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑا گیا ہے، جو دیکھنے والوں کو 360 ڈگری کی تصاویر فراہم کرتی ہیں۔

گوگل کے وی آر دوروں کے لیے سائن کرنے والے اسکول اپنے اسکولوں کے لیے گوگل کی ٹیم کا دورہ بک کرا سکتے ہیں۔

گوگل کی ٹیم اپنے ساتھ روٹرز، اساتذہ کے لیے ٹیبلیٹس، کارڈ بورڈ اسٹریو اسکوپک ویور اور موبائل فونز کی ایک کٹ لے کر آئے گی، جس کی مدد سے دیکھنے والوں کو 360 ڈگری منظر کشی سے بھر پور محل کے دورے کا مکمل عمیق تجربہ فراہم کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ گوگل نے ڈیسک ٹاپ، اور سمارٹ فونز کے لیے 360 ڈگری محل کے دورے کی ایک ویڈیو یو ٹیوب پر لانچ کی ہے۔