بالی وڈ کو دل والے‘ دلہنیا لے جائیں گے’، ‘کبھی الوداع نہ کہنا’ اور‘ مائے نیم اِز خان’ جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والےکامیاب فلمساز کِرن جوہر بہت جلد ایک بار پھر چھوٹے پردے پر جلوہ گر ہوں گے۔
جی ہاں، ہم بات کررہے ہیں اُن کے مقبول ٹیلی ویژن شو ‘کافی وِتھ کرن’ کی ، جِس کا تیسرا سیزن اگلے دو تین مہینوں میں ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔
خود کرن نے اِس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ُپرامید ہیں کہ شو کے سیزن تھری میں بھی وہ بالی وڈ کے نئے عاشقوں، نئے دشمنوں اور نئے سوالوں کے ساتھ حاضر ہوں گے۔ ‘کافی وِتھ کرن’ شو کا سیزن تھری اِس سال اگست یا ستمبر کے مہینے سے سٹار ورلڈ چینل پر نشر کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ ’کافی وِتھ کرن’ کے ذریعے کرن ہندی فلم انڈسٹری کے مشہور چہروں کو اپنے شومیں بلاکر ان سے ہلکی پھلکی باتیں کرتے ہیں، اور اگر کسی شو کی میزبانی کرن کررہے ہوں تو ظاہری بات ہے کہ شاہ رخ خان ہو یا ریتک روشن، کاجول ہو یا پریتی زینٹا، مادھوری ڈکشت ہو یا رانی مکھرجی، ملکہ شیراوت ہو یا راکھی ساونت سبھی فلمی ستارے کھچے چلے آتے ہیں۔
‘کافی وتھ کرن ’ شو پہلی بار نومبر 2004ء میں ٹیلی ویژن پر دکھایا گیا۔ شاہ رخ اور کاجول جیسے بڑے فلمی ستاروں کو ٹی وی پر ایک کپ کافی کے ساتھ شو کے ریپیڈ فائر راؤنڈ میں عام آدمی کی طرح ہنستا مسکراتا دیکھ کر سبھی نے کرن کے اِس نئے چیٹ شو کو کافی سراہا تھا۔
کافی وِتھ کرن کا دوسرا سیزن فروری 2007ء میں شروع ہوا۔ کرن کے اِسی شو میں کرینہ کپور اور سیف علی خان اصل زندگی میں اپنے معاشقے کے بعد پہلی بار ایک ساتھ ٹی وی پر آئے تھے۔ اپنے شو کے دوسرے سیزن میں کرن نے کافی ایوارڈز دینے کا بھی اعلان کیا۔ بالی وڈ کی گلیمر کوئن پرینکا چوپڑا اور ریتک روشن کو شو کے گلیمرس ترین مہمان کا خطاب دیا گیا تھا۔
کرن نے شو کے سیزن ٹو کے پہلے ایپی سوڈ میں انڈسٹری میں اپنے بہترین اور قریبی دوست شاہ رخ اور کاجول کو بطور مہمان مدعو کیا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سیزن تھری میں کافی وِتھ کرن کے پہلے ایپی سوڈ میں وہ کِس فلمی ہستی کو مدعو کرتے ہیں۔