سمندری طوفان برتھا اتوار اور پیر کے روز برطانیہ کے زیادہ تر حصوں اور لندن میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا سکتا ہے۔
لندن —
برطانوی ماحولیاتی ایجنسی نے طاقتور سمندری طوفان 'برتھا' کے کریبین جزائر کے علاقوں میں تباہی مچانے کے بعد اتوار کو برطانیہ کے جنوبی ساحل سے ٹکرانے کی پیشن گوئی کی ہے۔
ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق محکمہ موسمیات کے ماہرین نے شدید موسم کی خرابی کی اطلاع دیتے ہوئےانگلینڈ اور ویلز کے نصف سے زائد حصوں کے لیے اس ہفتے طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشیں ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خطرے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
برطانیہ میں سمندری طوفان کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے ہفتے کے روز برطانوی محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان برتھا اتوار اور پیر کے روز برطانیہ کے زیادہ تر حصوں اور لندن میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ بحرواقیانوس سے اٹھنے والا سمندری طوفان برتھا کریبین جزائر سے 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سےٹکرانےکے بعد اپنا زورکھوچکا ہے لیکن اس کے باوجود یہ طوفان بہت تیزی سے برطانیہ کے ساحلوں کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے آج سے طوفانی ہوائیں اور بارشیں انگلینڈ میں داخل ہو جائیں گی جس سے برطانیہ اور ویلز کےجنوبی نصف سے زائد علاقوں کے متاثرہونے کا خدشہ ہے۔
ماحولیاتی ایجنسی کےمطابق طوفانی لہروں کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان کےدوران ہوا کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ سے زیادہ ہونے کی توقع ہے اورموسلادھاربارشیں اوراس کےنتیجےمیں سیلابی کیفیت ییدا ہوجانےکا امکان ہے۔
سڑک ریل اور ہوائی سفر کے حوالے سے بھی لوگوں کوخبردار کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کا بھی اشارہ دیا گیا ہے۔
دریں اثناء سمندری طوفان برتھا کی آمد سے قبل ہی جمعہ کی شب انگلینڈ کے مشرقی علاقوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 انچ سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔