سال 2012ء کی ’باکس آفس کی ملکائیں

بالی ووڈ ہیروئنز

سال 2012ء کئی بالی ووڈ ہیروئنز کی جھولی میں انمول کامیابیاں ڈال کر جارہا ہے۔ پریانکا چوپڑا، ودیا بالن، کرینہ کپور، کترینہ کیف، سوناکشی سنہا اور آسین پورے سال اسکرین پر چھائی رہیں۔ایک بھارتی ویب سائٹ ’گلیم شیم‘ کے مطابق ان کی کامیابی سے ثابت ہوا کہ ہندی فلموں کی ہیروئنز محض شوپیس نہیں ہوتیں بلکہ فلموں کی کامیابی کے لئے ہیروئن کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔

پریانکا چوپڑا

پریانکا چوپڑا کی اس سال دو فلمیں باکس آفس پر دھماکا خیز ثابت ہوئیں ۔ ”اگنی پتھ“ اور ”برفی“۔” اگنی پتھ“ میں انہوں نے ممبئی کی جھوپڑا پٹی میں رہنے والی روایتی مراٹھی لڑکی کا کردار ادا کیا تو ”برفی “ میں وہ دماغی طور پر کمزور لڑکی کے روپ میں نظر آئیں۔
دونوں ہی فلمیں ہٹ ہوئیں،” اگنی پتھ“ نے تو 100کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا اور ایک نیا ریکارڈ بنایا۔


ودیا بالن

اس سال ودیابالن کا ہندی فلموں میں نیا جنم ہوا۔ فلم ”دی ڈرٹی پکچر “نے ان کی اب تک کی امیج کویکسر ہی تبدیل کرڈالا۔فلم سپر، ڈوپر ہٹ ہوئی۔ ”دی ڈرٹی پکچر “کے چرچے ابھی ختم بھی نہ ہوئے تھے کہ ان کی ایک اور فلم ”کہانی“ ریلیز ہوگئی جس نے وویا کو سپرہٹ ہیروئنز کی فہرست میں شامل کرادیا۔ ”فراری کی سواری“اس سال ریلیز ہونے والی ان کی تیسری فلم تھی لیکن چونکہ پہلی دو فلموں نے باکس آفس پر اس قدر ادھم مچایا تھا کہ ”فراری کی سواری“ کوئی کمال نہ کرنے کے باوجود ودیاکو شہرت سے دور نہ کرسکی۔

کرینہ کپور

کرینہ کپور بھی اس سال اپنی تین فلموں کے سبب باکس آفس کی ملکہ کہلانے کی حقدار رہیں۔”ایک میں اور ایک تو“، ”تلاش“ اور ”ہیروئن“۔ فلم ”تلاش “ نے اس سال بڑا منافع کمایا۔یہ فلم کرینہ کی کامیاب ترین فلموں کی فہرست میں ایک اوراضافہ ثابت ہوئی۔ دوسری جانب اس سال وہ سیف علی خان کے ساتھ شادی کی وجہ سے بھی خبروں میں رہیں اور تقریباً سارا سال ہی ان کے چرچے ہوتے رہے۔

کترینہ کیف

کترینہ کیف نے آئٹم سانگ ”چکنی چنبیلی“کرکے خوب نام کمایا اور اس سال ریلیز ہونے والی ان کی فلم ”ایک تھا ٹائیگر“ نے اس ناموری کو مزید روشن کیا۔ ۔۔لیکن سب سے زیادہ جس فلم نے انہیں رواں سال شہرت بخشی وہ تھی ”جب تک ہے جاں“ ۔ فلم سال کے آخری مہینوں میں ریلیز ہوئی لیکن ہٹ رہی۔فلم اپنی ریلیز سے قبل ہی بہت زیادہ شہرت سمیٹنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

سوناکشی سنہا

سوناکشی کترینہ کے بعد اس سال کی سب سے کامیاب ہیروئن رہیں ۔ ان کی دو فلموں ” راوٴڈی راٹھور“ اور ”سن آف سردار“ نے 100کروڑ روپے کا بزنس کیا جبکہ سوناکشی اس حوالے سے بھی قسمت کی دھنی ہیں کہ ان کی پہلی ہی فلم ”دبنگ “ نے بھی 100کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔ اگلے ہی ہفتے ان کی ایک اور فلم ” دبنگ ٹو“ریلیز ہونے جارہی ہے ۔ بڑی کاسٹ اور بڑے بینر کے سبب ابھی سے اس کی کامیابی کی توقع کی جارہی ہے۔

آسین

آسین کترینہ اور سوناکشی کے بعد تیسرے نمبر کی ہیروئن ہیں جنہوں نے اس سال باکس آفس پر دھمال ڈالا اور ”بول بچن“ اور ”ہاوٴس فل ٹو“ جیسی فلموں کے ذریعے اپنا نام 100کروڑ کا بزنس دینے والی ہیروئنز میں اپنا نام لکھوایا۔