ایکواڈور میں شدید زلزلے سے تباہی
ایکواڈور میں ہفتے کی شب آنے والے شدید زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 262 ہو گئی ہے۔
ایکواڈور کے حکام کے مطابق صوبہ منابی میں واقع 40 ہزار سے زائد آبادی کا شہر پیڈرنیلز تباہ ہو گیا ہے۔
زلزلے سے ایکواڈور کے کئی مقامات پر متعدد عمارتیں اور پل منہدم ہوئے ہیں جہاں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ایکواڈور کے ساحلی علاقے میں ہفتے کی شب 7.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
حکومت نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے 10 ہزار فوجی اہلکار تعینات کردیے ہیں۔
ساحلی شہر مانتا بھی زلزلے سے بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں کنٹرول ٹاور کو نقصان پہنچنے کےبعد شہر کا ہوائی اڈہ پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
جنوبی امریکہ کے ملک ایکواڈور میں زلزلے سے 2500 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ایکواڈور کے صدر نے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ہے اور وہ اٹلی کا دورہ مختصر کر کے وطن واپس آ گئے ہیں۔
شدید زلزلے کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
اسے ایکواڈور کی حالیہ تاریخ کا بدترین زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔