ایک تھا ٹائیگر پر ’پابندی نہیں لگائی ‘: پیمراحکام

Ek-Tha-Tiger-Salman-Khan

منگل تک یہ افواہ عام تھی کہ پاکستان نے ’ایک تھا ٹائیگر‘ پر یا اس کی پروموشن پر پابندی لگا دی ہے
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سلمان خان کی آنے والی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ پر پابندی کے حوالے سے پاکستان اور بھارت میں گردش کرنے والی خبروں کو غلط قراردیا ہے۔

پیمرا ترجمان نےاپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا کہ پاکستانی فلم ڈسٹری بیوٹرز اور براڈکاسٹرز کو کہا گیا تھا کہ پاکستان سنسر بورڈ سے این او سی ملنے سے پہلے فلم کی نمائش نہ کریں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ فلم پر پابندی سے متعلق جن بھارتی اخبارات میں خبریں شائع ہوئی تھیں انہیں ای میل کرکے اس بات کی وضاحت کردی گئی ہے کہ پاکستان سنسربورڈ سے این او سی حاصل کرنے سے پہلے فلم پر پابندی عائد نہیں کی جاتی۔

واضح رہے کہ منگل تک مختلف بھارتی وپاکستانی خبر رساں اداروں میں یہ خبرگردش کررہی تھی کہ پاکستان سنسر بورڈ نے ’ایک تھا ٹائیگر‘پر یااس کی پروموشن پر اس لئے پابندی لگا دی ہے کہ فلم میں پاکستان کے خفیہ ادارے کو برابھلا گیا گیا ہے جس کے سبب پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ٹی وی چینلز اورڈسٹری بیوٹرز کواس کی پروموشن سے روک دیا ہے، لیکن اب یہ خبریں سنائی دے رہی ہیں کہ سنسر شپ بورڈ کوفلم پر پابندی کی وجہ نظر نہیں آتی۔

پابندی کی خبروں پر فلم کے ڈائریکٹر کبیر خان اور ہیرو سلمان خان نےیہاں تک کہہ دیا تھا کہ وہ پاکستان آرہے ہیں۔ کبیر خان نے سوشل نیٹ ورک سائٹ ٹوئیٹر پر پاکستان آنے کی تصدیق کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ پاکستان مخالف نہیں ہے۔ ادھر سلمان خان کے پاکستان آنے کی خبریں بھی مقامی میڈیا پر خوب چلیں۔

ادھرپاکستان سنسر بورڈ کے وائس چیئرمین محمد اشرف گوندل نے مقامی میڈیا سے بات چیت میں کہا ہے کہ فلم بھارت میں ریلیز کے بعد اور پاکستان میں ریلیز سے پہلے سنسر ہوگی لہذا فلم پر ابھی سے پابندی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

’ایک تھا ٹائیگر‘ 15اگست کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔ اگست میں عید بھی ہے ۔ سلمان خان کی عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی یہ مسلسل چوتھی فلم ہوگی ۔ پچھلی تینوں فلمیں سپرہٹ ثابت ہوئی تھیں۔ ان کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ سلمان کی یہ فلم بھی سپرہٹ ہوسکتی ہے۔فلم کی ہیروئن ہیں کترینہ کیف ۔ فلم یش راج فلمز کے بینر تلے پروڈیوز کی گئی ہے جبکہ اسے ڈائریکٹ کیا ہے ادیتا چوپڑا نے۔