امریکہ میں صدارتی انتخابات 2020 کے لیے ووٹنگ کے بعد کے مراحل جاری ہیں اور صدارتی دوڑ میں شامل ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔
وائس آف امریکہ کی ارود سروس کے ذریعے ہم آپ کو الیکشن کی لمحہ با لمحہ بدلتی صورت حال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں ۔ اس سلسلے میں ہماری ویب سائٹ پر انتخابات سے متعلق امریکہ کا نقشہ موجودہے۔
امریکہ کے اس نقشے میں تمام ریاستوں کی حدود اور ان کے ناموں کا دو حرفی مخفف دیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر سی اے سے مراد کیلی فورنیا ہے یا وی اے سے مراد ورجینیا ہے۔
صدارتی انتخابات کے دوران امریکہ کی مختلف ریاستوں کے نتائج اس نقشے کی مدد سے معلوم کیے جا سکتے ہیں۔ بلکہ اس کے ساتھ ساتھ یہ معلومات بھی موجود ہیں کہ کونسی سی ریاست میں الیکٹورل ووٹوں کی تعداد کیا ہے اور ماضی میں ان ریاستوں نے کس جماعت کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا تھا۔
امریکہ کی صدارت کا فیصلہ پاپولر ووٹ یعنی براہِ راست عوام کے ووٹ سے نہیں ہوتا۔ صدر کے چناؤ کا فیصلہ ایک خاص نظام کے ذریعے ہوتا ہے جس کے دو مراحل ہیں۔
پہلے مرحلے میں رائے دہندگان مندوبین کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس نظام کے تحت ریاست کی سطح پر ڈالے گئے ووٹوں کے بعد الیکٹورل کالج تشکیل پاتا ہے اور پھر یہ مندوبین پر مشتمل یہ الیکٹورل کالج صدر کو منتخب کرتا ہے۔
امریکہ کی 50 ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے منتخب ہونے والے مجموعی مندوبین کے الیکٹورل کالج کے ارکان کی تعداد 538 ہے، جن میں سے 270 الیکٹرز کی حمایت حاصل کرنے والا امریکہ کا صدر منتخب ہو جاتا ہے
وائس آف امریکہ کی ویب سائٹ پر موجود امریکہ کے نقشے میں امریکی ریاستیں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے الیکٹورل ووٹ درج ہیں۔
اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ٹیکساس کے الیکٹرول ووٹ کتنے ہیں۔ تو ٹیکساس پر کلک کرنے سے آپ کو یہ معلوم ہو جائے گا کہ اس ریاست کے مجموعی الیکٹرول ووٹ 38 ہیں اور 1992 سے لے کر 2016 تک اس ریاست میں ریپبلکنز جماعت نے کامیابی حاصل کرتی رہی ہے۔
کیلیفورنیا۔۔۔۔ نقشے پر اس ریاست کو کیسے تلاش کیا جائے ؟
نقشے پر امریکی کی مغربی ساحلی پٹی یعنی ویسٹ کوسٹ پر انگریزی حروف CA درج ہے۔ جیسے ہی آپ اس پر کلک کریں گے ریاست کیلیفورنیا کی تفصیلات سامنے آ جائیں گی۔
جیسے جیسے مختلف ریاستوں میں نتائج کا اعلان ہو گا،اس نقشے پر موجود وہ ریاستیں سرخ یا نیلی رنگ کی ہو جائیں گی۔ سرخ رنگ ریپبلکن جماعت کو ظاہر کرتا ہے،جب کہ نیلا رنگ ڈیموکریٹس کا ہے۔ تو پھر جیسے جیسے نتائج آتے جائیں گے ویسے ویسے نقشہ دو رنگوں میں تقسیم ہوتا جائے گا۔
یوں اس نقشے کو دیکھ کر آپ ایک نظر میں امریکی انتخابات میں دونوں صدارتی امیدواروں کی پوزیشن کا پتا لگا سکیں گے۔