اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلن مسک نے چند دن پہلے اپنے نو مولود بیٹے کا عجیب و غریب نام رکھا تو دنیا بھر میں حیرت کی لہر دوڑ گئی۔ اب انھوں نے اور ان کی شریک حیات نے بچے کے نام کا مطلب اور تلفظ بتاکر لوگوں کی حیرانی کچھ کم کی ہے۔
ایلن مسک کے بیٹے نے 4 مئی کو جنم لیا تھا اور انھوں نے اس کا نام X Æ A-12 رکھا تھا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر میمز اور لطیفوں کا طوفان آگیا اور لوگوں نے طرح طرح کے تبصرے کیے۔ بہت سے لوگوں نے کہا کہ یہ نام نہیں، کوئی پراسرار فارمولا ہے۔
کسی زندہ دل نے بارکوڈ پوسٹ کرکے کہا ''یہ رہا ایلن مسک کے بیٹے کا برتھ سرٹیفکیٹ''۔ ایک ٹوئیپ نے پیالے میں بیٹری سیلز کی تصویر لگا کر لکھا، ''بیٹے آکر ناشتہ کرلو''۔ ایک نوجوان نے کہا کہ ''مسک اور گرائمز نے بچے کا نام ایسے سوچا ہے جیسے پاس ورڈ سوچتے ہیں''۔
ایک صاحب نے لطیفہ لکھا کہ اسٹاربکس کے کیشئیر نے پوچھا، آپ کا نام کیا ہے۔ ایلن مسک کے بیٹے نے نام بتایا تو کیشئیر نے کہا، نام پوچھا ہے، ڈسکاؤنٹ کوڈ نہیں؟ کسی نے مذاق کیا کہ ایلن مسک کا بچہ روتا بھی بائنری میں ہے۔ ایک شخص نے بولتے ہوئے میمنے کی ویڈیو لگائی اور ساتھ لکھا، بچے کے نام کا تلفظ۔
ایلن مسک تخلیقی آدمی ہیں اس لیے وہ ان جگتوں سے بالکل پریشان نہیں ہوئے اور انھوں نے خود بھی مذاقاً کہا کہ میں نے یہ نام رکھا ہی میمز کے لیے تھا۔ لیکن گزشتہ روز انھوں نے کامیڈین جو روگن کو انٹرویو دیا تو وضاحت کی کہ یہ نام انھوں نے نہیں، بچے کی ماں یعنی گرائمز نے رکھا ہے۔
مسک نے کہا کہ ایکس کو سب پہچانتے ہیں۔ اگلے حرف کا تلفظ ایش ہے۔ اس کے آگے انھوں نے اے ٹویلو لگایا ہے۔ یہ ایک جہاز آرک اینگل کی یاد میں ہے جو بقول ان کے، دنیا کا سب سے شاندار جہاز ہے۔ آرک اینگل 1960ء کی دہائی میں سی آئی اے کے لیے بنایا گیا جاسوس طیارہ تھا جس پر ہتھیار نصب نہیں کیے جاتے تھے بلکہ وہ صرف معلومات جمع کرتا تھا۔
گرائمز نے بعد میں خود ایک ٹوئیٹ میں یہی معلومات شئیر کی اور اضافہ کیا کہ ان کا پسندیدہ گیت بھی آرک اینگل ہے۔ ان کی وضاحت کے بعد کہا جاسکتا ہے کہ معمہ حل ہوگیا ہے اور بچے کا نام زاشا ٹوویلو ہے۔
یہ بات ایلن مسک بھی جانتے ہیں کہ بچے کا قانونی نام کچھ اور رکھنا پڑے گا کیونکہ کیلی فورنیا میں اس طرح کے نام رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ ریاست میں صرف انگریزی کے 26 حروف تہجی کی مدد سے نام رکھے جا سکتے ہیں۔
ایلن مسک کی دو شادیاں ناکام ہوچکی ہیں اور گرائمز کے نام سے مشہور موسیقار کلیر باؤچر ان کی تیسری پارٹنر ہیں۔ مسک سات بچوں کے والد ہیں جن میں سے ایک کا انتقال ہوچکا ہے۔