"چنٹو ، چنکی اور ایک بڑی سی لو اسٹوری" بھارتی ٹی وی چینل "سب ٹی وی" کا گزشتہ ہفتے شروع ہونے والانیا مزاحیہ سیریل ہے ۔ سیریل میں بھوپال کا پس منظر دکھایا گیا ہے۔اس کے ہیرو راکشن کمار نے چنٹو اور ،دویا تری پاتھی نے ہیروئن کی حیثیت سے چنکی کارول نبھایا ہے۔
سیریزکی کہانی نئی دنیا میں بسنے والے نئے لوگوں کی کہانی ہے مگر ان کے پیار کرنے کا انداز پرانی طرز کا ہے ۔ بھوپال کی سرزمین پر دو محبت کرنے والے دلوں کی کہانی جس کا ہیرو چنٹو بہت معصوم، صاف گو اور سادہ مزاج آدمی ہے ۔ اس نے کبھی اپنی فیگر پر توجہ ہی نہیں دی اس لئے تھوڑا موٹا ہوگیا ہے۔
تیرہ افراد پر مشتمل جوائنٹ فیملی میں رہتے اور مشترکہ مسائل سے نمٹتے رہنے کی وجہ سے چنٹو کوکبھی یہ جاننے کا موقع ہی نہیں ملا کہ پیا ر کیا ہوتا ہے۔وہ 23 سال کا ہوا نہیں کہ سب کو اس کی شادی کی فکر لگ گئی ۔ سب کسی نہ کسی طریقے سے اس کی شادی کردینا چاہتے ہیں اور اس لئے زور شور سے لڑکی کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یوں بھی چنٹو کے خاندان میں 23سال کی عمر شادی کے لئے بہت ہوتی ہے ۔ حالانکہ زندگی کا یہ اہم فیصلہ خود اسے ہی کرنا چاہئے تھا۔ مگر چنٹو اس طرف سے بے پروا ہے۔ اسے صرف اتنا پتا ہے کہ گھر والے اس کے لئے لڑکی پسند کریں گے اور اسے صرف فیصلے پر سر جھکانا ہوگا۔
اسی دوران چنٹو کی اچانک چنکی سے ملاقات ہوجاتی ہے۔ چنکی چنٹو کے مقابلے میں ایک چھوٹے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ اس کا گھرانہ سوچ کے مقابلے میں ذرا ہٹ کر ہے۔ اسی لئے چنکی اپنی زندگی کے فیصلے آزادنہ طور پر خود کرنے کی عادی ہے۔چ
چنٹو سے مل کر اسے پیار ہوجاتا ہے اور یہیں سے یہ لو اسٹوری غم و خوشی، حادثات ، پیچیدگیوں ، تیسری شخصیت سے حسداور زندگی کے عام واقعات سے جڑجاتی ہے۔ چنٹو کالج اسٹودنٹ ہے اس کے دل میں چنکی جیسی ہی شرمیلی مگر خوبصورت سی لڑکی کے لئے نرم گوشہ موجود تھا مگر اس کے گھر والے اس کے لئے کچھ اور ہی سوچے بیٹھے تھے اب چنکی اورچنٹو کی یہ لو اسٹوری کہاں جاکر تھمتی ہے کہاں نہیں یہی سیریل کا بنیادی تھیم ہے۔
سیریل فیملی کلاس کی پسند کو مد نظر رکھ کر بنایا گیا ہے حالانکہ کے کالج میں پڑھنے والے چنٹو کے رول میں کسی ینگ ایکٹر کو لیاجانا چاہئے تھا لیکن راکیش خود یہ رول کرنا چاہتے تھے اس رول میں ڈھلنے کی خاظر انہوں نے جیم جوائن کیا اور ہررروز گھنٹوں پسینا بہا بہا کر بیس کلو وزن کم کیا ۔
سیریل کی ہیروئن ودیا تری پاٹھی کا تعلق بھی بھوپال سے ہی ہے اس لئے انہوں نے بچپن کی کئی یادوں کو یونٹ کے ساتھ شیئر کیا۔ یہی نہیں بلکہ ان یادوں کو شو کا حصہ بھی بنایا گیا ہے۔