مزاحیہ اداکار منور ظریف کوبچھڑے 35 سال ہوگئے

مزاحیہ اداکار منور ظریف کوبچھڑے 35 سال ہوگئے

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور مزاحیہ اداکار منور ظریف کسی تعارف کے محتاج نہیں ۔ انہیں جمعہ کو ہم سے بچھڑے ہوئے 35سال گزر گئے۔ وہ 2 فروری 1940کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے ایک اور بھائی ظریف بھی فلموں سے وابستہ تھے۔

منور ظریف کی فنی زندگی کا سفر 16برسوں پر محیط ہے۔ اس سفر میں انہوں نے 300سے زیادہ اردو اور پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی مشہور فلموں میں بنارسی ٹھگ ، جیرا بلیڈ، موج میلہ، سوکن میلے دی ، منجی کتھے ڈاوا ں، دامن اور چنگاری، چکر باز، ہمراہی، بدتمیز، نوکر و وہٹی دا وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے اس دورکی فلمی روایت کے مطابق ایک اور نامور کامیڈین رنگیلا کے ساتھ جوڑی بنائی۔ انہوں نے ایک ایسے وقت میں فلم صنعت میں قدم رکھا جب مرزا اشرف ، یعقوب ، چارلی اور غوری بھی مزاحیہ اداکاری کی دنیا میں موجود تھے اور انہیں شائقین کے حلقوں میں مقبولیت حاصل تھی۔

رنگیلا اور منور ظریف کی جوڑی فلموں میں کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔ انہیں کامیڈی ہیرو کا خطاب بھی ملا۔ ان سے پہلے ہیرو سنجیدہ کرداروں میں ہی کاسٹ کیا جاتا تھا مگر منور ظریف اور رنگیلا نے بطور ہیرو بھی خود کا لوہا منوایا۔

قسمت نے منور ظریف کو زیادہ عمر جینے کا موقع نہ دیا اوروہ صرف 36سال کی عمر میں 29اپریل 1976ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔