ٹی وی پروگرامز ،چٹ پٹے بیانات اورنئے نئے تنازعات سے شہرت حاصل کرنےوالی اداکارہ راکھی ساونت کو ایک نیا ٹی وی چیٹ شو" غضب دیس کی عجب کہا نیاں " مل گیا ہے ۔ آپ جلد انہیں'امیج ان' ٹی وی سے اس پروگرام کی میزبانی کرتے دیکھیں گے۔
" غضب دیس کی عجب کہا نیاں " یو ٹی وی کی پروڈکشن ہے جس میں 'پراسرار لوگوں' سےمنسلک کچھ عجیب اور کچھ منفرد کہانیاں پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بھارت میں پائے جانے والے دلچسپ اور منفرد عقائد پر مبنی روایاتی کہانیاں بھی اس شو کا حصہ ہوں گی ۔
امیج ان ٹی وی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ایسی کہانیاں ہیں جنہیں سن کر انسان پہلے ہنستا ہے ،پھر دیر تک سوچتا ہے مگر ان پریقین نہیں کرتاحالانکہ یہ سچ ہوتی ہیں۔ مثلاً بھارت میں ایک ایسی عورت بھی ہے جو پچھلے 37 برسوں سے نہیں نہائی ۔ دو خاندان ایسے بھی ہیں جو عرصے سے ایک دوسرے سے جھگڑ رہے ہیں اور 'جن بھوت' ان کے ہتھیار بنے ہوئے ہیں۔ یا ایک لڑکی ماں باپ کی پسند سے شادی کرنے سے انکار کرتے ہوئے پر احتجاجاً موبائل فون ٹاور پرچڑھ گئی اور کئی دنوں تک وہیں بیٹھی رہی۔ یہ پروگرام اسی قسم کی کہانیوں کو عوام کے سامنے لائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پروگرام کی میزبان راکھی ساونت، ان کہانیوں کو اپنے مخصوص انداز میں ناظرین کے روبہ رو پیش کریں گی۔
امیج ان' کے چیف آپریٹنگ آفیسر سنتوش نائر کا کہنا ہے کہ راکھی ہمارا بہترین انتخاب ہیں ۔ ہمیں کسی ایسی ہی شخصیت کی تلاش تھی جو لوگوں کے لئے تفریح کے ساتھ ساتھ مزاح بھی اپنے انداز میں پیش کرسکے۔ اس حوالے سے راکھی ساونت سے بہتر کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا تھا۔
پروگرام کے حوالے سے راکھی ساونت کا کہنا ہے " میں بہت دنوں سے کچھ منفرد سا کام کرنے کا سوچ رہی تھی ۔ ایسا کام جسے میں بہترین انداز میں کرسکوں۔ مجھے پوری امید ہے کہ میں " غضب دیس کی عجب کہا نیاں " کو اس انداز سے کرنے میں کامیاب ہوجاؤں گی جس سے یہ پروگرام باقی سارے پروگرامز کو پیچھے چھوڑ جائے گا۔"