فخرِ عالم، سفرِ عالم کے لیے تیار

fakhr alam

نیاکے گرد اپنے اس سفر کا نام انھوں نے ’’ مشن پرواز‘‘ رکھا ہے ۔ جس کے دوران وہ دنیابھر کے تیس ایئرپورٹس پر جہاز اتاریں گے اور وہاں سے پھر سے اڑان بھریں گے

پاکستانی گلوکار اور اداکار فخر عالم اس ہفتے امریکی ریاست فلوریڈا سے جہاز پر دنیا کے گرد اپنا سفر شروع کریں گے۔ اور اگر انھوں نے یہ سفر مکمل کر لیا تو وہ ایسا کرنے والے پہلے پاکستانی ہوں گے۔

فخر عالم کا کہنا ہے کہ یہ ان کی دیرینہ خواہش تھی اور اس کی تکمیل کے لیے انھوں نے سخت محنت کی ہے۔

وائس آف امریکہ سے خصوصی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تقریبا تیس ہزار ناٹیکل میل پر مشتمل اس سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو امریکہ سے ہو گا اور 28 دن کا یہ سفر دنیا بھر سے ہو کر واپس یہیں ختم ہو گا۔ جس کے لیے انھوں نے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر کلئیر واٹر کا انتخاب کیا ہے۔

فخر عالم امریکہ میں تیاری کرتے ہوئے

دنیاکے گرد اپنے اس سفر کا نام انھوں نے ’’ مشن پرواز‘‘ رکھا ہے۔ جس کے دوران وہ دنیا بھر کے تیس ایئرپورٹس پر جہاز اتاریں گے اور وہاں سے پھر سے اڑان بھریں گے۔

فخر عالم نے سال 2015 میں اس سفر کی ٹھانی تھی اور تین سال قبل امریکہ میں پرائیوٹ پائلٹ لائسنس حاصل کیا تھا۔ انھیں امید ہے کہ وہ خود جہاز اڑا کر پوری دنیا کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔

فخر عالم نے بتا یا کہ انھوں نے سفر کے لیے کافی تیاری کر رکھی ہے اور ہر طرح کے حفاظتی اقدامات کے لیے بھی بھرپور تیاری کی ہے۔ کیونکہ دوران پرواز موسم کی خرابی کے باعث سفر میں تإخیر بھی ہو سکتی ہے۔

فخر عالم کی ایئر چیف مارشل مجاہد أنور خان سے ملاقات

فخر عالم کا کہنا تھا کہ سفر کا مقصد پاکستان کا نام دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے۔ ان کے اس اعلان پر انھیں ساتھی فنکاروں اور صحافیوں سمیت پاکستان بھر سے لوگوں کی جانب سے نیک خواہشات کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ اور آج ہی پاکستان ائیر فورس کے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی ان کے ملاقات کی اور ان کے فلائٹ پلان کا جائزہ لیا۔

فخر عالم نے اس ایڈونچر کا اعلان اور اس کی تصاویر اپنے ٹوٹر اکاونٹ پر دنیا بھر سے شیئر کی ہیں اور دوران پرواز وہ اس کی اپ ڈیٹس یہیں شیئر کرتے رہیں گے۔