ٹرمپ اور بائیڈن پہلے صدارتی مباحثے میں آمنے سامنے
دونوں امیدواروں نے مباحثے کے دوران کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمتِ عملی پر ایک دوسرے پر سخت تنقید کی۔
ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اپنے اقدامات کو شاندار قرار دیا۔
ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے الزام لگایا کہ صدر ٹرمپ کے پاس وبائی مرض سے بچنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ وہ مہلک وبا سے متعلق عوام کو آگاہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹس کی جانب سے بڑے پیمانے پر دھاندلی کا خدشہ ظاہر کیا۔ جس پر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ڈاک کے ذریعے ڈالے جانے والے ووٹوں پر غیر ضروری طور پر شک کا اظہار کر رہے ہیں۔
مباحثے کے موڈریٹر کریس ویلس تھے جن کا تعلق امریکی ٹی وی چینل 'فاکس نیوز' سے ہے۔
مباحثے سے قبل یا بعد میں دونوں امیدواروں نے کرونا وائرس کے سبب ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کیا تاہم دونوں امیدواروں کی باڈی لینگوج توجہ کا مرکز رہی۔
صدر ٹرمپ نے مباحثے کے دوران کئی مرتبہ اپنے حریف کو بات مکمل کرنے اور رکنے کا اشارہ کیا تاہم اس دوران بائیڈن مسلسل کیمرے کی جانب متوجہ رہے جس پر صدر ٹرمپ نے اُنہیں امریکی عوام سے براہِ راست اپیل کرنے پر ٹوکا جب کہ مباحثے کے دوران ایک موقع پر جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ سے ٹیکس دستاویزات دکھانے کا بھی مطالبہ کیا۔
مباحثے کے موقع پر خاتون اول میلانیا بھی موجود تھیں جو صدر ٹرمپ کے ہمراہ حال میں داخل ہوئیں۔