ہالی وڈ اداکارہ جینا ڈیوس کو فلموں میں خواتین کے کرداروں کو فروغ دینے پر اعزازی طور پر آسکر ایوارڈ دیا گیا ہے۔
جینا ڈیوس کے علاوہ اٹلی سے تعلق رکھنے والی مصنفہ اور ہدایت کارہ لینا ورٹمیولر کو لائف ایچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
لینا ورٹمیولر اب تک بہترین خواتین ڈائریکٹرز کی کیٹیگری میں نامزد ہونے والی پانچ خواتین میں شامل ہیں جبکہ وہ پہلی خاتون ہیں جنہیں ماضی میں بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
جینا فلموں میں خواتین کے کام کو زیادہ سے زیادہ پروموٹ کرنے اور شو بزنس کی دنیا میں خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والی عدم مساوات کے خاتمے کی حامی ہیں۔ وہ خواتین کے حوالے سے دعم مساوات کے خاتمے کے لیے گاہے بگاہے کوششیں بھی کرتی رہی ہیں۔
جینا ڈیوس نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ہالی ووڈ کے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ میڈیا میں صنفی عدم توازن کو دور کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
جینا ڈیوس کے مطابق اگرچہ امریکی معاشرے میں خواتین عدم مساوات کا شکار ہیں لیکن فلم اور ٹیلی ویژن کے شعبوں میں صورت حال اس سے بھی زیادہ خراب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے جینا ڈیوس انسٹی ٹیوٹ آن جینڈر ان میڈیا کے نام سے ایک غیر منافع بخش تحقیقاتی گروپ 2004 میں قائم کیا گیا تھا۔
جینا ڈیوس نے 1989 میں فلم 'ایکسیڈینٹل ٹورسٹ' کے لیے بہترین معاون اداکارہ کی حیثیت سے آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
جینا کا دعویٰ ہے کہ فلمی دنیا میں موجود صنفی عدم مساوات کو راتوں رات ختم کیا جاسکتا ہے۔