گوگل اسٹریٹ ویو کی گیلری میں جائیے اور160سے بھی زائد منزلوں اور 828 میٹر بلند آسمان سے باتیں کرتی اس عمارت کی 360 ڈگری پر کھینچی گئی تصاویر کا نظارہ کیجئے
کراچی —
برج الخلیفہ، دبئی اِس وقت دنیا کی بلند ترین عمارت ہے۔ کیا آپ نے سوچا ہے کہ کبھی اس کی سیر کو جائیں؟ اگر ہاں۔ تو، فوراً تیار ہوجائیں۔۔دنیا کے مشہور ترین سرچ انجن گوگل نے گھر بیٹھے یہ کام آسان بنادیا ہے۔
آپ نے صرف یہ کرنا ہے کہ گوگل اسٹریٹ ویو کی گیلری میں جایئے اور160سے بھی زائد منزلوں اور 828 میٹر بلند آسمان سے باتیں کرتی اس عمارت کی 360ڈگری پر کھینچی گئی تصاویر کا نظارہ کیجئے۔
ہمیں اندازہ ہے کہ اس عمارت کی چھت سے لے کر زمین تک کی بنی تصویر دیکھ کر آپ حیرت میں پڑ جائیں گے۔ یہی نہیں بلکہ پوری عمارت سے اندر اور عمارت سے باہر عمارت ہی کی بنائی گئی تصاویر آپ کو انگشت بہ دندان کر دیں گی۔
تمام تصاویر کی تفصیلات گوگل نے اپنی عربی زبان کی ویب سائٹ پر موجود بلاگ میں درج کی ہیں۔
ان تفصیلات کے مطابق تمام تصاویر کو مسلسل تین دن کی تگ و دو کے بعد تیار کیا گیا۔ تصاویر کو ایک پر وقار تقریب کے دوران ویب سائٹ پر جاری کیا گیا تاکہ اس منفرد موقع کو تادیر یاد رکھا جاسکے۔ تقریب کا اہتمام اسی عمارت میں کیا گیا تھا۔
بلاگ کے مطابق ’برج الخلیفہ‘ میں ’ڈیفالٹ رومنگ‘ کی خصوصیات کی حامل ٹیکنک پہلی مرتبہ استعمال کی گئی ہے، وہ بھی ایک ٹرالی کی مدد سے۔ ڈیفالٹ رومنگ ٹیکنک کے ذریعے ہی تصاویر انٹرنیٹ تک پہنچ سکی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تصاویر وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ ہوتی رہیں گی۔