موسیقی کی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز 'گریمی' کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے تاریخ رقم کر دی۔
امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں اتوار کو 66ویں گریمی کی تقریب منعقد ہوئی جسے امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک 'سی بی ایس' پر براڈ کاسٹ کیا گیا۔
امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے ایک بار پھر 'البم آف دی ایئر' کا گریمی ایوارڈ اپنے نام کیا۔ انہیں پاپ البم 'مڈ نائٹس' پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ وہ واحد آرٹسٹ ہیں جنہوں نے اپنے کریئر میں چوتھی بار یہ ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے اپنے البمز 'فیئر لیس'، '1989' اور 'فوک لور' پر البم آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔
اس کے علاوہ گلوکارہ بلی آئلش کو فلم باربی کے لیے ان کے گانے 'واٹ واز آئی میڈ فار' کو 'سونگ آف دی ایئر' کا ایوارڈ دیا گیا۔
گلوکارہ مائلی سائرس کو ان کے گانے 'فلاورز' کے لیے 'ریکارڈ آف دی ایئر' کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ مائلی کو ان کے اسی گانے پر 'بیسٹ پاپ سولو پرفارمنس' کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
مائلی سائرس کو ان کے کریئر میں پہلی بار گریمی ایوارڈ ملا ہے۔
گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کو 'البم آف دی ایئر' کے علاوہ ان کے البم 'مڈ نائٹس' کو بیسٹ پاپ ووکل البم کا ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔
گریمی 2024 میں 'بیسٹ نیو آرٹسٹ' کا ایوارڈ امریکی گلوکارہ وکٹوریا مونے کے نام رہا۔
معروف بھارتی گلوکار شنکر مہادیون کے گروپ 'شکتی' کے البم 'دس مومنٹ' کو بیسٹ گلوبل میوزک البم ایوارڈ دیا گیا۔ ان کے کریئر کا یہ پہلا گریمی ایوارڈ ہے۔
بھارتی موسیقار ذاکر حسین بھی اس گروپ کا حصہ ہیں جنہیں اس تقریب میں بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس اور بیسٹ 'انسٹرومنٹل البم' کے گریمی ایوارڈز ملے۔
رواں برس ایمی کی تقریب میں خواتین فن کار نمایاں رہیں جنہوں نے کئی بڑے ایوارڈز اپنے نام کیے۔
یاد رہے کہ فاتحین کا فیصلہ ریکارڈنگ اکیڈمی کے تقریباً 11 ہزار ممبران نے کیا ہے جنہیں ماضی میں سیاہ فام ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی نہ کرنے پر خاصی تنقید کا سامنا رہا تھا۔