بھارت : کیرالہ میں طوفانی بارشوں سے 28 افراد ہلاک، نظامِ زندگی متاثر

کیرالہ میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کے باعث مقامی انتظامیہ نے بیشتر اضلاع میں اگلے دو روز کے لیے ہنگامی حالات کا اعلان کردیا ہے۔ حکام نے آئندہ دو روز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی ہے۔

کیرالہ میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے نتیجے میں ہزاروں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 13000 افراد کو متاثرہ علاقوں سے ریسکیو کر کے حکومت کی جانب سے قائم کردہ امدادی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

بھارتی ریاست کیرالہ کا ایک علاقہ کوچی برساتی پانی میں مکمل طور پر ڈوبا ہوا ہے۔ بارشوں کے باعث کیرالہ میں غذائی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔ بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کانگریس ارکان سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔

حکام نے کیرالہ میں اگلے دو روز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ بارشوں کے پیش نظر بھارتی فوج کو بھی امدادی کاموں میں حصہ لینے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

کیرالہ کے علاقے کوچی کے ہوائی اڈے کو خراب موسم اور بارشوں کے باعث اتوار تک تمام فلائٹ آپریشنز کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق کیرالہ میں بارشوں سے متاثر ہونے والے 43،000 افراد کے لیے 505 امدادی کیمپ تیار کیے گئے ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق جمعرات کے روز بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی جس میں 60 افراد پھنس گئے تھے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

کیرالہ میں گزشتہ دو روز سے جاری بارشوں کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بارشوں سے کیرالہ کا ریلوے کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

بھارت کی ریاست کیرالہ میں طوفانی بارشوں سے 28 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ برساتی پانی کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہے۔ بارشوں سے ریلوے نظام بھی متاثر ہوا ہے جب کہ کوچی کے ایئرپورٹ کو دو روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ مسلسل طوفانی بارشوں کے باعث کیرالہ کے 9 اضلاع میں ہنگامی حالات کا اعلان کیا گیا ہے۔