ہندی سینما کے سو سال، سب سے زیادہ پیسے کس فلم نے کمائے؟

اگر سو سالہ فلمی تاریخ کی ایسی صرف دس فلموں کی فہرست بنائی جائے جنہوں نے اب تک سب سے زیادہ بزنس کیا تو اندازہ لگائیے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کون سی ہو گی؟
بالی ووڈ کی سو سالہ فلمی تاریخ میں بے شمار فلمیں بنیں جنہوں نے بے حد و حساب بزنس کیا۔ پہلے دور میں فلمیں شاید مختصر بجٹ میں بنائی جاتی تھیں لیکن گزرتے وقت نے بالی ووڈ میں کروڑوں کی سرمایہ کاری سے فلمیں بنانے کو رواج دیا جن سے حاصل ہونے والی آمدن کروڑوں اور کبھی کبھی تو اربوں میں پہنچ جاتی ہے۔

اگر ہندی سینما کی سو سالہ فلمی تاریخ کی ایسی صرف دس فلموں کی فہرست بنائی جائے جنہوں نے اب تک سب سے زیادہ بزنس کیا تو اندازہ لگائیے پچھلے 100سالوں کے دوران سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کون سی ہوگی؟

تھری ایڈیٹس
تھری ایڈیٹس ۔۔ جی ہاں ۔۔ تھری ایڈیٹس !! بالی ووڈ کی سو سال کی تاریخ میں ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی اور ہیرو عامر خان کی فلم ”تھری ایڈیٹس“ اب تک کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے جبکہ باقی فلموں میں چار فلمیں سلمان خان اور چار کنگ خان کی فلمیں ہیں۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عامر خان، شرمن جوشی اور آر مادھون نے اپنی زبردست اداکارانہ صلاحیتوں سے اسے ایک یادگار فلم بنادیا ہے۔ راج کمار ہیرانی کی شاندار ہدایات اور بہترین اسکرپٹ کی بدولت اسے یہ مقام ملا۔ فلم کو 3 ارب پچاسی کروڑ روپے کی ریکارڈ آمدن ہوئی۔

ایک تھا ٹائیگر
کبیر خان کی اس فلم میں سلمان ایک طویل عرصے بعد کترینا کیف کے ساتھ نظر آئے تو لوگ خود کو سنیما ہال تک جانے سے نہیں روک سکے۔ کمزور اسکرپٹ کے باوجود فلم نے تین ارب 10کروڑ روپے کمائے۔ یہ سلمان خان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی ٹھہری۔

دبنگ ٹو
اگرچہ اس فلم کو کئی حوالے سے”دبنگ (ون)'' جتنا نہیں سراہا گیا لیکن فلم بینوں کے سنیماگھروں تک جاکر اسے دیکھنے اور پسند کرنے کی بدولت فلم کو 2 ارب 51 کروڑ روپے کا بزنس ملا۔ سوناکشی اور سلمان کی ہر ادا اور ہر گانے پر لوگوں نےخوب واہ واہ کی۔

باڈی گارڈ
ایک اور فلم جس میں سلمان خان کا جادو لوگوں کے سر چڑھ کر بولا وہ باڈی گارڈ تھی۔ فلم میں کرینہ کے ساتھ سلمان کی کیمسٹری لاجواب تھی۔ فلم نے 2 ارب 30 کروڑ روپے کمائے اور سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ٹاپ ٹین فلموں میں چوتھے نمبر اپنا نام درج کرالیا۔

دبنگ
ابھینو کرشیپ کی ہدایات میں بنی اس فلم نے حقیقت میں سلمان خان کو بالی ووڈ کا ”دبنگ ہیرو“بنادیا۔ فلم نے آمدنی کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ سوناکشی سنہا نے اس فلم سے بالی ووڈ میں شانداز انداز میں اپنے فلمی کیرئیر کا آغاکیا۔ مجموعی طور پر فلم نے 2 ارب 15 کروڑ روپے کمائے۔

جب تک ہے جاں
یہ مایہ ناز فلم ساز یش چوپڑا کی ہدایات میں بننے والی آخری فلم تھی۔ ویسے تو یش چوپڑا نے اپنی موت سے پہلے ہی یہ اعلان کردیا تھا کہ ”جب تک ہے جاں “ان کی آخری فلم ہوگی اور پھر قدرت نے بھی اس بات کی نفی نہیں ہونے دی۔ ” جب تک ہے جاں“ ابھی بن ہی رہی تھی کہ یش چوپڑا کو ڈینگی نے آگھیرا اور بالاخر اسی مرض میں ان کی موت ہوگئی۔

اس فلم کے ذریعے پہلی بار شاہ رخ خان اور کترینا کیف ایک ساتھ نظر آئے جبکہ انوشکا شرما نے بھی فلم میں بہترین کام کیا۔ اس فلم نے 2 کروڑ 11 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔

ڈان ٹو
فرحان اختر کی ہدایات میں بنی اس فلم میں کنگ خان اور پریانکا چوپڑا کو بطور جوڑی خوب شہرت بخشی۔ فلم نے 2 کرڑو اور 6 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔ حالانکہ ابتدا میں اس فلم کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

را۔ون
سپر ہیرو کے کانسپٹ پر بنی شاہ رخ خان کی اس میگا اسٹار فلم کا اسکرپٹ تنقید کی زد میں تو رہا لیکن باکس آفس پر فلم نے 2 کروڑ 2 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔ کرینہ کپور اور ارجن رامپال نے بھی فلم میں مرکزی کردار ادا کئے تھے۔

راوٴڈی راٹھور
پربھودیو کی ہدایات میں بنی جنوبی بھارت کی فلم کے اس ری میک میں اکشے کمار نے اپنے ایکشن سے لوگوں کی خوب داد وصول کی۔ فلم میں سوناکشی کی اداکاری بھی لاجواب تھی۔ فلم نے 2 کروڑ ایک لاکھ روپے کا بزنس کیا۔

مائی نیم از خان
سال دوہزار دس میں ریلیز ہونے والی کرن جوہر کی اس فلم میں آٹھ سال بعد سلور اسکرین پر شاہ رخ خان اور کاجول کی ایک ساتھ واپسی ہوئی۔ فلم نے 2 کروڑ روپے کمانے کا ریکارڈ بنایا۔