ہالی وڈ اسٹار بننے کے خواہش مندوں کو خواتین کا روپ دھار کر لوٹنے والا بہروپیا گرفتار

'ہالی وڈ کی چال باز ملکہ' کہلانے والے بہروپیے کو دنیا بھر میں ایک سال سے تلاش کیا جا رہا تھا۔

ہالی وڈ کی سرِ فہرست فیصلہ ساز اور امیر خواتین کا بہروپ بدل کر اسٹار بننے کے خواب دیکھنے والے افراد کو ہزاروں ڈالرز سے محروم کرنے والے بہروپیے کو برطانیہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے جمعرات کو بہروپیے کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چال باز شخص کو امریکہ کی حوالگی کی درخواست پر برطانیہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

'ہالی وڈ کی چال باز ملکہ' (​کون کوئین آف ہالی وڈ) کہلانے والے بہروپیے کو دنیا بھر میں ایک سال سے تلاش کیا جا رہا تھا۔

برطانیہ میں عدالت میں فردِ جرم عائد کرنے کے موقع پر اس کی شناخت 41 سالہ ہرگوبند تاہیل رمانی کے نام سے ہوئی، جس کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔

'اے ایف پی' کے مطابق​ امریکہ میں ایف بی آئی کے ترجمان نے بتایا کہ امریکہ کی برطانیہ سے درخواست پر مذکورہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جسے بعد میں امریکہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ہالی وڈ کے معروف اسٹارز کے علاوہ ہرگوبند 'لوکاس فلم' کی روح رواں کیتھلین کینیڈی، 'سونی مووی' کی سابق سربراہ ایمی پاسکل، 'پیرا ماؤنٹ فلمز' کی سابق چیف شیری لینسنگ اور روپرٹ مرڈوک کی سابق اہلیہ وینڈی مرڈوک جب کہ فلم نگری کے متعدد مردوں کا بھی روپ دھار چکا ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

ہالی وڈ کےخواب کے لیے مذہب اور ثقافت کی قربانی نہیں

کیلی فورنیا کی عدالت میں دائر دستاویزات کے مطابق ہرگوبند شوبز میں کام کے شوقین افراد کو شوبز میں پُرکشش ملازمتوں کا جھانسا دے کر لوکیشن، اسکاؤٹنگ، ریسرچ اور اسکرین پلے ڈرافٹنگ کے بہانے انڈونیشیا بلاتا تھا اور خواتین کی آواز میں بات کرکے فراڈ کرتا تھا۔

ہرگوبند اور اس کے ساتھی شوبز میں کام کرنے کے شوقین افراد سے جعلی پروجیکٹ کے بہانے ڈالرز بٹورتے تھے۔ اگر کوئی شخص شبہ ظاہر کرتا تو اسے پروجیکٹ سے نکالنے کی دھمکی دی جاتی تھی۔

ہرگوبند 2013 سے جعل سازی کر رہا تھا۔ شوبز سے متعلق امریکی جریدے 'ہالی وڈ رپورٹر' کے مطابق گوبند کو مانچسٹر پولیس نے گزشتہ ہفتے 'کے ٹو انٹیگریٹی' کے پرائیوٹ تحقیقاتی اہلکاروں کی مدد سے گرفتار کیا تھا۔

'کے ٹو انٹیگریٹی' ایک نجی تحقیقاتی کمپنی ہے جس نے ہرگوبند کی گرفتاری میں امریکہ، برطانیہ اور انڈونیشیا کے حکام کے ساتھ مل کر کام کیا۔

'کے ٹو انٹیگریٹی' نے گزشتہ برس ایک بیان میں انکشاف کیا تھا کہ 'کون کوئین آف ہالی وڈ' دراصل ایک مرد ہے جس کا اصل نام ہرگوبند تاہیل رمانی ہے۔

گوبند کو وائر فراڈ، اصل شناخت چھپانے اور سازش کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔