برطانیہ کے صنعتی شہر مانچسٹر کی 'بولٹن یونیورسٹی' نے اس سال تقریب تقسیم اسناد میں کھیل، تعلیم اور سیاست سے وابستہ مختلف کمیونٹیز کی نمایاں شخصیات کو اعزازی ایواڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
بولٹن یونیورسٹی کی جانب سے 190 ویں تقسیم اسناد کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی تین اہم شخصیات کو برطانوی معاشرے اور عالمی سطح پر متاثر کن کردار ادا کرنے پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی کے اعلامیہ کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی نوجوان باکسر عامر خان اور برطانوی کابینہ کی پہلی مسلمان وزیر خاتون بیرونس سعیدہ وارثی کو ان کے شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں یونیورسٹی کی طرف سے اعزازی سند سے نوازا جائے گا ۔
اٹھائیس سالہ عالمی چیمئین باکسر عامر خان کو کھیل اور ان کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں سائنس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا جائے گا ۔
بیرونس سعیدہ وارثی کو سیاست کے میدان میں ان کی شاندار خدمات کے صلے میں سوشل سائنس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا جائے گا۔
کھیل کے ستاروں میں سے باکسر عامر خان کے کزن کرکٹر ساجد محمود کو کرکٹ کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ساجد محمود برطانیہ اور لنکا شائر کی طرف سے کرکٹ کھیلتے ہیں ۔
گریجویشن کی تقریبات کا آغاز 15,16 اور 17 جولائی کو ہوگا جس میں اعزازی سند پانے والی شخصیات اپنی ڈاکٹریٹ کی ڈگری وصول کریں گے ۔