’ہم‘ ٹی وی کے ناظرین کو ملی اہم ذمے داری

یہ ذمے داری ادا کرنا بہت آسان ہے۔۔آپ کو صرف یہ کرنا ہے کہ چینل انتظامیہ کو طے کردہ طریقہ کار کے ذریعے صرف اپنا پسندیدہ ’بہترین ڈرامہ سیریل‘، ’بہترین آن اسکرین کپل‘، ’بہترین اداکار‘ اور ’بہترین اداکارہ‘ کا نام بتاناہے۔۔۔اور بس۔۔۔!!۔۔ہے نا آسان اور دلچسپ۔۔
پاکستان کا نجی ٹی وی چینل ’ہم‘ اس ماہ اپنے ناظرین کو ایک اہم ذمے داری سونپنے والا ہے۔۔۔گھبرایئے نہیں۔۔ یہ ذمے داری ادا کرنا بہت آسان ہے۔۔آپ کو صرف یہ کرنا ہے کہ چینل انتظامیہ کوطے کردہ طریقہ کار کے ذریعے صرف اپنا پسندیدہ ’بہترین ڈرامہ سیریل‘، ’بہترین آن اسکرین کپل‘، ’بہترین اداکار‘ اور ’بہترین اداکارہ‘ کا نام بتانا ہے۔۔۔اور بس۔۔۔!!۔۔ہے نا آسان اور دلچسپ۔۔

’ہم‘ نیٹ ورک کے پبلک ریلیشنز اینڈ پبلیکشنز ڈپارٹمنٹ کی جنرل منیجر شہناز رمزی ،’وائس آف امریکہ‘ سے مزید معلومات شیئر کرتے ہوئے کہتی ہیں ’ہم نے اپنے ناظرین کو یہ’ذمے داری‘ صرف ان کی ’ایکٹیو پارٹیسپیشن‘ کے لئے سونپنی ہے، تاکہ وہ ایونٹ کا بہت اچھے طریقے سے مزہ لے سکیں، انجوائے کرسکیں۔ناظرین صرف چار کیٹیگریز کے لئے ووٹ کرسکتے ہیں باقی کیٹیگریز کا فیصلہ ججز کریں گے۔ یہ ججز کون ہوں گے، یہ ابھی سرپرائز ہے۔‘

شہناز رمزی کا مزید کہنا تھا کہ، ’دوسرے ہم ایوارڈز‘ کی حسب سابقہ شاندار تقریب 29مارچ کو کراچی میں ہوگی۔ان ایوارڈز کا مقصد ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے گزشتہ9 سالوں میں ’ہم‘ نیٹ ورک کے ساتھ کام کر کے اسے کامیابی سے ہمکنار کیا۔‘

شہناز رمزی کے مطابق، ’ہم ایوارڈز‘ میں جنوری 2013 سے دسمبر 2013 تک پیش ہونے والے ڈرامہ سیریلز اور ان کی کاسٹ کو ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ناظرین اپنے ووٹ کے ذریعے ’بہترین ڈرامہ سیریل‘، ’بہترین ان اسکرین کپل‘، ’بہترین اداکار‘ اور’بہترین اداکارہ‘ کو منتخب کرسکتے ہیں۔

​ووٹنگ کے لئے ناظرین انٹرایکٹو وائس رسپانس (آئی وی آر) کے مقررہ نمبرز پر کال کرکے اپنے پسندیدہ اداکار اور ڈرامے کو ووٹ کرسکتے ہیں۔ بذریعہ ایس ایم ایس بھی ووٹ کیا جاسکتا ہے۔ اس سلسلے میں مزید معلومات ادارے کی ویب سائٹ پر موجود ہیں جبکہ اسی ویب کے ذریعے ناظرین اپنے پسندیدہ اداکاروں کو ووٹ کرسکتے ہیں۔

ایوارڈز فنکشن میں شوبزنس سے تعلق رکھنے والے غیر جانبدار جج بھی شامل ہوں گے جو موسیقی‘ فیشن اور دیگر شعبوں سے جڑے افراد کا ایوارڈ ز سے متعلق جائزہ لیں گے۔ ہم نیٹ ورک پاکستانی ٹیلی وژن انڈسٹری میں اہم کردار ادا کرنے والے اداکاروں کوبھی خصوصی ایوارڈ سے نوازے گا۔

اپنی مثال آپ
پچھلے سال کی تقریب کو ذہن میں رکھیں تو یہ فنکشن پاکستان میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتا ہے۔ موسیقی، موسیقار، ملکی فنکاروں کے علاوہ بھارتی فنکاروں کی بڑے پیمانے پر شرکت ، گلیمر ، عکس اور روشنیوں کا حسین امتزاج رکھنے والا یہ فنکشن اس کسک کو مٹادیتا ہے کہ پاکستان میں ٹی وی چینل ایوارڈزکی شہرت اور تاریخ بہت پرانی رہی ہے لیکن اسے سیاسی نظر لگ گئی تھی۔

ماضی کی سنہری یادیں
ایک دور میں سرکاری ٹیلی ویژن کا سب سے بڑا اور کمرشل شو ’پی ٹی وی ایوارڈز ‘ہواکرتے تھے ۔ ان کی شہرت کا عالم یہ تھا کہ ہر گھر کا تقریباً ہر فرد آدھی آدھی رات تک جاگ کر ایوارڈز کی تقریب دیکھا کرتا تھا جبکہ ہفتوں اس کاانتظار بھی کیا جاتا تھا لیکن پھریہ ہوا کہ ان ایوارڈز پر ’سیاست ‘چھاگئی، تنقید عام ہوگئی اور دیکھتے دیکھتے سب کچھ ختم ہوگیا۔

ہم ایوارڈ نے تاریخی روایت کو نئی زندگی بخشی ہے
انڈسٹری پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی ویورز کو ’ہم ‘ ٹیلی ویژن نیٹ ورک کا احسان مند ہونا چاہئے کہ اس نے ”ہم ایوارڈز“شروع کرکے تاریخی روایت کو نئی زندگی بخشی ہے۔ گزشتہ سال انہی دنوں پہلے’ ہم ایوارڈز ‘ہوئے تھے جبکہ رواں ماہ ”دوسرے ہم ایوارڈز “ منعقد ہونے جارہے ہیں لہذا امید کی جاسکتی ہے کہ آئندے سالوں میں اس کے ذریعے نئی سمت اور ترقی کی نئی راہیں متعین ہوں گی۔