بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایشوریہ رائے بچن نے ممبئی کے ایک اسپتال میں بیٹی کو جنم دیا ہے۔
اس خوشخبری کا اعلان ان کے شوہر اور نامور اداکار ابھیشک بچن نے بدھ کو سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔ یہ خبر جاری کرتے ہوئے انھوں نے صرف یہ لکھا ہے کہ’’یہ لڑکی ہے‘‘۔
لیکن نومولود کے دادا اور مایہ ناز اداکار امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر اپنی خوشی کا اظہار کچھ یوں کیا’’ میں ایک خوبصورت بچی کا دادا بن گیا ہوں‘‘۔
یہ پیدائش ممبئی کے سیون ہلز ہسپتال میں ہوئی۔
38 سالہ سابقہ حسینہ عالم ایشوریہ رائے کی شادی چار سال قبل ابھیشک بچن سے ہوئی تھی۔