بالی وڈ کے میگا اسٹارسلمان خان کی عدالتوں میں پیشیاں تو ہوتی ہی رہی ہیں اب ان کے چھوٹے بھائی اربازخان بھی اس لائن میں لگ گئے ہیں۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز میں کروڑوں روپے کی سٹے بازی کے الزام میں ارباز خان ہفتہ کو پولیس اسٹیشن میں قائم اینٹی ایکسٹورشن سیل میں پیش ہوئے اوربیان ریکارڈ کرایا۔
پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پروڈیوسر اوراداکار اربازخان نے گزشتہ سال آئی پی ایل میں سٹے بازی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اینٹی ایکسٹورشن سیل نے سٹے بازی کے گروہ سے تعلقات پر ارباز خان کو آج طلب کیا تھا۔
اربازخان سٹے بازی میں مبینہ طورپر دو کروڑ 70 لاکھ روپے ہار گئے تھے۔ ان کے علاوہ دیگربالی وڈ پروڈیوسرز کے نام بھی سٹے بازی میں سامنے آئے ہیں جن سے بہت جلد پوچھ گچھ کی جائے گی۔
اربازخان کو سٹے باز سونو جالان عرف سونو بٹلا کی گرفتاری کے بعد تفتیش کے لئے بلایا گیا تھ۔ سونو بٹلا مبینہ طور پر بھارت کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے بھی یہ کام کرتا ہے۔
اینٹی ایکسٹورشن سیل کے سینئر پولیس انسپکٹر پردیپ شرما نے بتایا کہ تفتیش کے دوران پتا چلا کہ سونو نے اربازخان کو دھمکیاں دی تھیں۔
سونو کی گرفتاری کے بعد پولیس نے ایک ڈائری برآمد کی جس میں 100سے زائد سٹے بازوں کے فون نمبرز موجود تھے۔اسی ڈائری میں بالی وڈ کی مشہور شخصیات، کنٹریکٹرز اور بلڈرز کے نام بھی ملے ہیں۔
شرما کے مطابق "سونونے دبئی میں میچ فکسنگ کے لئے میٹنگ ارینج کی۔ اس موقع پر سیلبریٹیز بھی موجود تھیں۔ ہم تحقیقات کر رہے ہیں کہ کون سا میچ فکس تھا اوراس میں کون کون ملوث تھا۔"
کراچی —