تصاویر: ایران اور عراق میں زلزلے سے تباہی

زلزلے سے زیادہ نقصان ایران میں ہوا ہے جہاں آفات سے نبٹنے کے قومی ادارے کے ترجمان بہنام سعیدی کے مطابق اب تک 207 افراد کی ہلاکت اور 1700 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

 زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان ایران کے صوبے کرمان شاہ میں ہوا ہے جہاں کی حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3ء7 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز عراقی کردستان کے صوبے سلیمانیہ کے علاقے پنجوان میں تھا جو ایران کی سرحد کے نزدیک واقع ہے۔

ایران میں آفات سے نبٹنے کے قومی ادارے کے ترجمان بہنام سعیدی کے مطابق اب تک 207 افراد کی ہلاکت اور 1700 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ترجمان نے سرکاری ٹی وی کو بتایا ہے کہ امدادی ٹیمیں زلزلے سے متاثر ہونے والےدور دراز علاقوں تک پہنچ رہی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔

حالیہ زلزلے سے متاثر ہونے والے ایران کے دیہی علاقوں میں زیادہ تر مکانات کچی مٹی اور گارے کے بنے ہوئے ہیں جس کے باعث زلزلے سے انہیں زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

ایران کی ایمرجنسی سروسز کے سربراہ پیر حسین خولی وند کے مطابق ضلعے کا مرکزی اسپتال زلزلے سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہاں ان سیکڑوں افراد کو طبی امداد دینا ممکن نہیں جو زلزلے سے زخمی ہوئے ہیں۔

عراقی کردستان کے حکام نے بتایا ہے کہ اب تک ان کے علاقے میں زلزلے سے چار افراد کے ہلاک ہونے اور 50 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ایران کے ارضیاتی سینٹر کے مطابق زلزلے کے بعد سے 50 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جاچکے ہیں جب کہ زلزلے کے مزید جھٹکوں کا اندیشہ ہے۔

امدادی ادارے 'ہلالِ احمر' کی ایرانی شاخ کے سربراہ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں 70 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں جنہیں پناہ کی فوری ضرورت ہے۔