ایران کا اسرائیل پر ڈرون اور میزائلوں سے حملہ

ایران کی طرف سے داغے گئے ڈرون اور میزائل اسرائیل نے اپنے اتحادی ممالک کے تعاون سے فضا میں ہی تباہ کیے۔

اسرائیل کے مطابق صرف ایک فی صد ایرانی میزائل اور ڈرون اس کے دفاعی نظام سے بچ سکے۔ ایک ایسے ہی میزائل کی باقیات اسرائیلی سر زمین پر موجود ہیں۔ حکام کے مطابق اس میزائل سے ایک سات سالہ بچی زخمی ہوئی ہے۔

ایران کے حملوں کے سبب اسرائیل کے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایرانی حملوں کے بعد ملک کے اہم شہر یروشلم کی سڑکیں ویران ہیں۔

ایرانی حملوں کے بعد اسرائیلی بحری جہازوں نے بحیرہ روم میں گشت بڑھا دیا ہے۔

ایران کے حملے کے بعد اسرائیل نے فضا میں زیادہ ملٹری ڈرون روانہ کیے تاکہ مزید حملوں کو روکا جا سکے۔
 

ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد ان دونوں کے درمیان آنے والے ملکوں کی فضائی حدود کو بند کر دیا گیا تھا۔ فضائی حدود کی بندش سے ایران، عراق، شام، اردن، لبنان اور اسرائیل میں فضا میں جہاز نظر نہیں آ رہے۔

 اسرائیل میں ایرانی فضائی حملوں سے محفوظ رہنے کے لیے آئرن ڈوم ایئر نظام استعمال کیا گیا۔

اسرائیل کے ڈیفنس سسٹم ’آئرن ڈوم‘ نے ایران کے ڈرون اور میزائل تباہ کیے۔ اسرائیلی حکام کا دعویٰ تھا کہ زیادہ تر میزائل اور ڈرون اسرائیل کی حدود میں داخل ہونے سے قبل تباہ کیا گیا۔ امریکہ، برطانیہ اور اردن نے بھی ایران کے میزائل اور ڈرون تباہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل کے پڑوسی ملک اردن کے دارالحکومت عمان کی فضاؤں میں بھی ایران کے ڈرون اور میزائل دیکھے گئے۔

اسرائیل پر حملوں کی خبر سامنے آنے کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران میں بعض شہریوں نے فلسطینی جھنڈے اٹھا کر خوشی کا اظہار کیا۔