بالی وڈ اداکار عرفان خان طویل عرصے بعد پھرسے فلموں میں نظر آئیں گے۔ ان کی نئی فلم 'انگریزی میڈیم' جمعے کو ریلیز ہو رہی ہے۔
انگریزی میڈیم عرفان خان کی جولائی 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم 'ہندی میڈیم' کا سیکوئل ہے۔ فلم نے بڑے پیمانے پر کامیاب حاصل کی تھی اور اسی وجہ سے صرف تین ماہ بعد ہی اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا گیا تھا۔
خود عرفان خان نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں 'ہندی میڈیم' کے سیکوئل میں کام کرنے کا اعلان کیا تھا۔
لیکن اس دوران سال 2018 میں عرفان خان کینسر کے مرض میں مبتلا ہوگئے تھے۔ علاج کی خاطر انہیں بار بار لندن جانا پڑا لیکن جتنا عرصہ بھی وہ بھارت واپس آئے 'انگریزی میڈیم' کی شوٹنگ میں حصہ لیتے رہے۔ فلم 13 مارچ سے سنیما میں دکھائی جائے گی۔
فلم کی کاست میں کرینہ کپور خان بھی شامل ہیں جب کہ دیگر فن کاروں میں رادھیکا مدن ، دیپک ڈوبریال اور پنکج ترپاٹھی شامل ہیں۔
'انگریزی میڈیم' میں عرفان خان نے حلوائی کے بیٹے کا کردار ادا کیا ہے جو عرصے سے دکان چلا رہا ہے۔ اس کی بیوی انتقال کرچکی ہے جس کے بعد اس کی تمام توجہ اپنی بیٹی تاریکا کی طرف ہے۔ اس کی بیٹی ہی اس کی دنیا ہے۔
تاریکا بچپن سے لندن جانے کا خواب دیکھتی آئی ہے۔ پھر وہ دن بھی آتا ہے جب دونوں کو لندن جانے کا موقع مل جاتا ہے۔ لیکن وہاں جاکر حالات کچھ اس قسم کے ہوجاتے ہیں کہ جن میں بارے میں باپ بیٹی نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔
خیال رہے کہ فلم 'ہندی میڈیم' میں عرفان خان کے مدمقابل پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے اُن کی اہلیہ کا کردار نبھایا تھا۔