وینس فلم فیسٹیول میں 'جوکر' کو ایوارڈ کیوں ملا؟

اٹلی کے شہر وینس میں سجے 76 ویں وینس فلم فیسٹیول میں ٹوڈ فلپس کی فلم 'جوکر' نے بہترین فلم کے لیے گولڈن لائن ٹرافی حاصل کر لی۔

فلم میں وانکی فینکس کی جاندار اداکاری پر انہیں فلم بینوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر ٹوڈ فلپس اور بائیں جانب جواکین فینکس ٹرافی حاصل کرتے ہوئے

فلم 'جوکر' کے ڈائریکٹر ٹوڈ فلپس کہتے ہیں کہ "ماضی میں کومکس کرداروں اور جوکر کے موضوع پر فلمیں بنانا اور فلم بینوں کا اسے خوشی دلی سے قبول کر لینا ایک روایت تھی۔ لیکن جدید ٹیکنالوجی کا یہ دور ایسی فلموں کی کامیابی کے لیے ایک رسک ہے۔ ان کے بقول اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ دورحاضر کا فلم بین کہانی کی سچائی پر سمجھوتا نہیں کرتا۔ ہماری کوشش بھی یہی تھی کہ فلم میں جدید ٹیکنالوجی کے علاوہ ماضی کی جھلک بھی شامل کی جائے لہذٰا یہ تجربہ کامیاب رہا۔"

جواکین فینکس اپنے پرستاروں کے درمیان

فلم بین فلم کی کامیابی کی دوسری بڑی وجہ جواکین فینکس کی بہترین اداکاری کو بھی قرار دے رہے ہیں۔

کامیابی کی تیسری وجہ فلم کی کہانی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ فلم کا ٹریلر جاری ہوتے ہی اسے پذیرائی ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ فلم کے ٹریلر میں کہانی کا مختصر جائزہ پیش کیا گیا تھا تاہم پریمیئر کے بعد فلم بینوں نے اس کی کہانی کو بہترین قرار دیا۔

وینس فلم فیسٹیول کا میدان مارنے کے بعد 'جوکر' کی نظریں اب آسکر ایوارڈز پر ہیں۔ گزشتہ دو سال کے دوران وینس فلم فیسٹیول میں ایوارڈ یافتہ فلمیں روما اور دی شیپ آف دا واٹر آسکر ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں تھیں۔

ڈائریکٹر ٹوڈ فلپس نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد وانکی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی شاندار اداکاری کو سراہا۔

فلم 'جوکر' کا ایک منظر

وینس کے فلمی میلے میں شامل کچھ اور فلمیں:

رومن پولینسکی کی فلم این آفیسراینڈ اے اسپائی دوسرے نمبرپر رہی اورسلور لائن گرینڈ جیوری ایوارڈ کی حقدار ٹھہری۔

تنقید اور تنازع کے باوجود ایوارڈ پانے میں کامیاب:

فیسٹیول کے دوران فلم این آفیسراینڈ اے اسپائی کی نامزدگی کے حوالے سے ایک تنازع بھی سامنے آیا۔ بہت سے لوگوں نے سوال اٹھایا کہ جب ڈائریکٹر کو اکیڈمی ایوارڈ منعقد کرنے والے ادارے موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائسنز نے نکال دیا تھا تو ان کی فلم کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیوں کیا گیا؟

پولنسکی تو ایوارڈ تقریب میں نہیں آئے تاہم ان کی اداکارہ اہلیہ نے ان کا ایوارڈ وصول کیا۔