کے پاپ کے مشہور بینڈ 'بی ٹی ایس' نے منگل کو گروپ کے طور پر کام کرنے سے بریک لینے کا اعلان کیا ہے۔'بی ٹی ایس' کا کہنا ہے کہ "وہ انفرادی پروجیکٹس پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں۔"
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کورین بینڈ نے اپنے ڈیبیو کے نو برس مکمل ہونے کی خوشی میں سالانہ ڈنر کے موقع پر اپنے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔
بینڈ کے رکن آر ایم نے کہا کہ وہ بی ٹی ایس کے لیے مسلسل ریکارڈنگ اور پرفارمنس کے بجائے اپنےذاتی کام پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں۔
ان کے بقول, "کے پاپ اور گلوکاری کا پورا نظام آپ کو اپنے لیے کچھ کرنے کا وقت ہی نہیں دیتا، اس نظام میں رہتے ہوئے آپ کو بس موسیقی اور ساتھ میں کچھ نہ کچھ کرتے ہی رہنا ہوتا ہے۔"
گزشتہ ہفتے 'بی ٹی ایس' کا نیا البم 'پروف' ریلیز ہوا تھا جسے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق جنوبی کورین کمپنی 'ہائب' نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "بی ٹی ایس اب بھی ایک ساتھ اور انفرادی طور پر پروجیکٹس پر کام کریں گے، البتہ اس وقت بینڈ کے رکن اپنے انفرادی کام کرنے پر زیادہ توجہ دیں گے۔"
تاہم بی ٹی ایس نے مستقبل کے کسی انفرادی یا گروپ پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا۔
'بی ٹی ایس' کے اس اعلان کے بعد کے پاپ کے فینز گروپ کی جانب سے ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں بھی ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ 'آرمی فور ایور' ٹرینڈ کر رہا ہے۔
'بی ٹی اسی' نے سن 2013 میں ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد نہ صرف جنوبی کوریا بلکہ پوری دنیا میں انہیں سنا اور پسند کیا جاتا ہے۔
گزشتہ برس 'بی ٹی ایس' وہ پہلا ایشین بینڈ بنا تھا جس نے 'امریکن میوزک ایوارڈز' میں آرٹسٹ آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
'بی ٹی ایس' نے 31 مئی کو وائٹ ہاؤس میں امریکہ کے صدر جو بائیڈن سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں انہوں نے ایشیائی باشندوں کو نشانہ بنانے والے نفرت انگیز جرائم پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔