کرونا وائرس: برطانیہ اور آئرلینڈ سے امریکہ آنے والوں پر سفری پابندیاں عائد

(فائل فوٹو)

امریکہ نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر برطانیہ اور آئرلینڈ سے امریکہ آنے والوں پر بھی سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

امریکہ میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے بعد چند روز قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ سے امریکہ سفر پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کی تھی۔ لیکن برطانیہ کو اس پابندی سے مبرا قرار دیا تھا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ برطانیہ چونکہ اب یورپ کا حصہ نہیں رہا، لہٰذا پابندی کا اطلاق اس پر نہیں ہو گا۔

تاہم ہفتے کو امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے اعلان کیا کہ وہ برطانیہ اور آئرلینڈ پر بھی سفری پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر نے پابندیوں سے متعلق برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن سے بھی گفتگو کی ہے اور انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5800 سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد اس مہلک وبائی مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کرونا وائرس کا پھیلاؤ چین سے شروع ہوا تھا لیکن اب وہاں کیس کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔ ہفتے کو چین میں 'کووڈ 19' کے 20 مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد چین میں مریضوں کی تعداد 80 ہزار 844 ہو گئی ہے۔ تاہم مریضوں کی بڑی تعداد میں صحت یابی کے بعد گھروں کو لوٹ چکی ہے۔

چین میں ہفتے کو مزید 10 ہلاکتوں کے بعد ملک بھر میں مجموعی ہلاکتیں 3199 ہو گئی ہیں۔

چین کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک اٹلی ہے جہاں اب تک 1441 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ 21 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔​