کراچی: مون سون بارشوں میں شہر کا ڈوبنا معمول بن گیا

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل کے دوران موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

شہر میں اتوار کی صبح سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں سے نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

مسلسل بارشوں کی وجہ سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جب کہ شہریوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔

وفاقی اور سندھ حکومت نے شدید بارشوں کے باعث پیر کوکراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
 

محکمۂ موسمیات نے 26 جولائی تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ 

ڈسٹرکٹ سینٹرل کی کئی سڑکیں ایک بار پھر پانی سے بھر گئی ہیں۔
 

کراچی میں گزشتہ کئی برس سے مون سون کے دوران شہر میں سیلابی صورتِ حال کا پیدا ہونا معمول بن چکا ہے اور رواں سال بھی کئی مرتبہ ایسا ہو چکا ہے۔

شدید بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں۔

اتوار کو ہونے والی بارش سے فلائٹ آپریشنز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ 

کراچی میں بارشوں کی وجہ سے گرین لائن اور پیپلزبس سروس بھی معطل  کر دی گئی ہیں۔  

شہر میں ہونے والی بارش سے کئی پوش علاقوں کے مکینوں کے ساتھ ساتھ بے گھر افراد اور کچی آبادیوں کے مکینوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔