امریکہ کی معروف گلوکارہ لیڈی گاگا کے پالتو کتوں کی چوری کے دوران ان کی رکھوالی کرنے والے 'ڈاگ واکر' پر گولی چلانے والے شخص کو 21 برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
مشتبہ شخص نے گزشتہ برس لاس اینجلس میں گلوکارہ کے دو فرانسیسی بُل ڈاگز چوری کرنے کی کوشش کی تھی، اس دوران ان کتوں کی رکھوالی کرنے والے پر گولی چلائی گئی تھی جس پر ملزم مقدمے کا سامنا کر رہا تھا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جیمز ہوورڈ جیکسن نے عدالت میں اعترافِ جرم کیا کہ انہوں نے ریان فشر پر گولی چلائی تھی جو حملے میں بچ گئے تھے۔
لاس اینجلس کی کاؤنٹی ڈسٹرکٹ کے اٹارنی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق "جیمز ہوورڈ جیکسن کو پرتشدد فعل کے ارتکاب میں جواب دہ ٹھہرایا گیا ہے اور متاثرہ شخص کو انصاف فراہم کیا گیا ہے۔"
جیمز ہوورڈ جیکسن ان پانچ مشتبہ افراد میں سے ایک تھے جن کی چار دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 'اسٹریٹ گینگ' کے نام سے شناخت ہوئی تھی۔
انہیں 24 فروری 2021 کو لیڈی گاگا کے دو پالتو کتوں کو اغوا کرنے اور ان کے رکھوالے کو گولی مارنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
لیڈی گاگا کے کتے جس وقت اغوا ہوئے تھے وہ اس وقت اٹلی میں ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔
انہوں نے اس وقت کتے واپس لانے والے شخص کو پانچ لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں پاپ اسٹار کے کتوں کو دو دن بعد ایک خاتون نے واپس کیا۔ جن کا دعویٰ تھا کہ وہ اسے ایک کھمبے سے بندھے ہوئے ملے تھے۔
اس خاتون پر بھی چوری شدہ ملکیت اپنے پاس رکھنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔اس واقعے میں ملوث دو دیگر افراد کو پہلے ہی عدالت سزا سنا چکی ہے۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔