لتا منگیشگر انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل، اب حالت بہتر ہے

Lata

بھارت کی عظیم گلوکارہ لتا منگیشکر کو سینے میں تکلیف اور سانس لینے میں دشواری کے سبب پیر کو علی الصبح ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں ان کا علاج جاری ہے۔

لتا منگیشکر کے خاندان کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

90 سالہ لتا منگیشکر کو سینے میں تکلیف بڑھنے کے باعث آج صبح دو بجے اسپتال لایا گیا جہاں ماہرین قلب ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔ ان کے خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر زیادہ ہونے کے باعث انہیں احتیاطی طور پر فوری اسپتال پہنچایا گیا۔

لتا منگیشکر نے بھارت کی لگ بھگ 36 زبانوں میں لاتعداد گیت گائے ہیں۔ انہیں 2001 میں بھارت کے سب سے بڑے سول ایوارڈ ’’بھارت رتنا‘‘ سے نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ دا دا صاحب پھلکے ایوارڈ اور فرانس کا سب سے بڑا شہری اعزاز ’’آفیسر آف دی لیجن آف آنر‘‘ بھی حاصل کر چکی ہیں۔

دنیا بھر میں سب سے زیادہ گیت گانے کا ریکارڈ رکھنے کے ساتھ ان کا نام 1974 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے 1948 سے 1974 کے دوران 25,000 سے زائد گیت گائے۔

عمر رسیدہ ہونے کے باوجود لتا منگیشکر سوشل میڈیا پر کافی فعال ہیں اور انہوں نے اتوار کے روز ایک ٹوئٹ میں اداکارہ پدمنی کوہلی کے لئے ان کی نئی فلم ’’پانی پت‘‘ پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔