تصاویر: 2018ء کا مشرقِ وسطیٰ

رواں سال اپریل میں امریکہ نے شام کے دارالحکومت دمشق کے مختلف علاقوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

ستمبر کے آغاز میں عراق کے شہر بصرہ میں مظاہرین نے روزگار کے مواقع نہ ہونے پر حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔

رواں سال جون میں عراق کے دارالحکومت بغداد میں دھماکے سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔

یمن میں خانہ جنگی کے نتیجے میں شدید غذائی قلت کا شکار ایک بچہ اسپتال میں داخل ہے۔ عالمی اداروں کا کہنا ہے کہ یمن کی خانہ جنگی کے نتیجے میں اب تک 80 ہزار سے زائد بچے غذائی قلت کے باعث موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

غزہ میں ایک فلسطینی اسرائیلی فورسز پر پتھر پھینک رہا ہے۔ غزہ اور اسرائیل کی سرحد اس سال بھی پرتشدد مظاہروں کا مرکز رہی۔

غزہ اسرائیل سرحد پر فلسطینیوں نے ہفتہ وار مظاہرے کیے جس کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں فلسطینیوں کی جانیں گئیں۔

ایک اسرائیلی جہاز غزہ کی سرحد کے نزدیک اسرائیلی علاقے میں لگی اس آگ کو بجھانے کی کوشش کر رہا ہے جو سرحد پار سے فلسطینی مظاہرین کی طرف سے بھیجے گئے گیس کے غبارے کے نتیجے میں لگی۔

شیعہ زائرین زیارتوں کے لیے عراق کے شہر کربلا کی طرف جا رہے ہیں۔

داعش کا ایک سابق رکن شامی عدالت میں موجود ہے۔ اس انیس سالہ شامی شہری کو کردوں کے زیرِ انتظام انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

اردن کے دارالحکومت عمان میں سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں۔

غزہ میں ایک مظاہرے کے دوران آنسو گیس کی زد میں آنے والے فلسطینی بچے ایک میڈیکل کیمپ میں زیرِ علاج ہیں۔

صدر ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ اور امریکہ کے وزیرِ خزانہ اسٹیو منوچن نے رواں سال 14 مئی کو بیت المقدس (یروشلم) میں نئے امریکی سفارت خانے کا افتتاح کیا۔ اس تصویر میں دونوں سفارت خانے کی تختی کی نقاب کشائی کر رہے ہیں۔

سعودی عرب کی حمایت یافتہ ملیشیا کے ارکان یمن کے ایک علاقے میں گشت کر رہے ہیں۔ یمن میں حوثی شیعہ باغیوں اور صدر عبد الربہ منصور ہادی کے حامیوں میں لڑائی سارا سال جاری رہی لیکن سال کے اختتام پر دونوں فریقین کے درمیان سوئیڈن میں امن مذاکرات ہوئے جس میں ساحلی شہر حدیدہ میں جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا۔

مسلم خواتین دمشق میں صدیوں پرانی مسجدِ امیہ کے صحن میں ٹہل رہی ہیں۔ یہ قدیم مسجد ساتویں صدی عیسوی میں تعمیر کی گئی تھی۔

غزہ میں عمارتوں اور ایک مسجد کے مینار کے پسِ منظر میں سورج غروب ہونے کا ایک حسین منظر۔

شام کے شہر حمص کے جنگ سے تباہ حال ایک علاقے میں بچے فٹ بال کھیل رہے ہیں۔

ایران کے شہر اہواز میں ستمبر میں ایک ملٹری پریڈ پر دہشت گرد حملے میں ہلاک ہونے والے ایک چار سالہ بچے کے تابوت پر اس کا باپ غم سے نڈھال ہے۔