پاکستان میں سنیما انڈسٹری تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے لیکن میوزک انڈسٹری تاحال وہ رفتار نہیں پکڑ سکی ہے جو سنیما اور میوزک کو ایک دوسرے کا سہارا بناسکے۔
۔۔۔ لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ میوزک انڈسٹری کی بحالی کے لئے بھی کام کا آغاز ہوگیا اور کئی بڑے نام جو پہلے گمنامی میں کھونے لگے تھے اب رفتہ رفتہ دوبارہ رنگ و روشنی کی دنیا میں پلٹ آئے ہیں۔
میوزک کمپوزر ارشد محمود کی ہی مثال لے لیجئے ۔ انہوں نے میوزک کو انٹرنیٹ کی جدید دنیا سے جوڑنے میں پہل کردی ہے ۔
کراچی آرٹس کونسل میں وی او اے سمیت مختلف میڈیا نمائندوں اور میوزک لورز کی موجودگی میں انہوں نے میوزک ویب پورٹل کا افتتاح کیا ۔ اس پورٹل کا بنیادی مقصد ہی پاکستانی میوزک انڈسٹری کو سہارا دے کر اسے اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔
ارشد کا کہنا تھا ’’موسیقی کی تخلیق سے لے کر اس کی فنڈنگ، پروموشن ، شیئرنگ اور فروخت تک ہر قسم کی سہولت فراہم کرتے اس آن لائن پلیٹ فارم کا نام ’’ موسیقی ڈاٹ کام‘‘ ہے۔ کافی عرصے سے یہ محسوس کیا جارہا تھا کہ ملک میں موسیقی میں وہ گہما گہمی دیکھنے کو نہیں ملی جو پہلے کبھی دیکھی جاتی تھی اور ہمیں اس بات کا بھی بھر پور احساس ہے کہ ہمارے ملک میں استعداد موسیقی کی کوئی کمی نہیں،بس اس شعبے میں کام کرنےوالے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
پورٹل کے افتتاح میں میں میوزیکل بینڈ ’فیوژن ‘کے نامور کلاسیکل موسیقارنفیس احمد خان،آرٹس کونسل کے احمد شاہ اور فن موسیقی سے لگائو رکھنے والی متعدد شخصیات شریک تھیں۔
ارشد محمود کا کہنا تھا کہ ’ موسیقی ڈاٹ کام‘ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس میں نہ صرف نوجوان موسیقاروں کو اپنے کام کا نمونہ شیئر کرنے کی سہولت موجود ہوگی بلکہ وہ اسی پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے کام کو مناسب پیسوں میں فروخت بھی کرسکیں گے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘اس کے ذریعے پروڈکشن پروجیکٹ کیلئے با صلاحیت کمپوزر، ادیبوں، موسیقاروں اور انجینئروں پر مبنی ٹیم بھی آن لائن دستیاب ہوگی۔‘
ارشد محمود پاکستان کے نامور موسیقار میں سے شمار ہوتے ہیں ۔وہ کئی سال تک میوزک کمپنی ای ایم آئی سے بھی وابستہ رہے ہیں۔