حالات کے ہاتھوں ستائی،مشکلات کا سامنا کرتی ایک بہادرلڑکی کی زندگی کے نشیب و فراز کونئی ڈرامہ سیریل’ فالتولڑکی ‘میں پیش کیا گیا ہے۔
اس ’فالتو لڑکی ‘کی خاص بات یہ ہے کہ سیریل میں ٹی وی انڈسٹری کی منجھی ہوئی سینئر اداکاراؤں کے ساتھ ساتھ نئے چہروں کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع دیا گیا ہے۔
یہ کہانی اس لڑکی کی ہے جو بھارت سے پاکستان اپنی فیملی کے ساتھ رہنے کے لئے آتی ہے لیکن کچھ عرصے بعد ہی اسے مشکلات گھیر لیتی ہیں ۔
ڈرامے میں شامل دیگرخواتین کے کرداروں کو بھی شادی سے پہلے اور بعد میں جن تکلیفوں اورپریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اسے بھی حقیقی انداز میں دکھایا گیا ہے۔
سیریل کے ذریعے پاکستانی معاشرے میں عام طور پرخواتین سے روا کھے جانے والے غیرمساوی سلوک اورخواتین کو اہمیت نہ دینے کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔
اس کے رائٹر فصیح باری ہیں اور ڈائریکٹر مظہر معین ہیں۔ دونوں کی جوڑی اس سے پہلے ’’قدوسی صاحب کی بیوہ‘‘ جیسی سپرہٹ مزاحیہ سیریل دے چکی ہے۔
’فالتو لڑکی ‘ کی کاسٹ میں سیمی راحیل، سمیعہ ممتاز، حنا دلپذیر، یسریٰ رضوی، انعم فیاض، سندس طارق ،ارسا غزل، فرحان احمد اور دیگرشامل ہیں۔
ڈرامہ سیریل ’فالتو لڑکی ‘ بہت جلد چینل ’اے پلس‘ سے نشرکیا جائے گا۔