’جورو کا غلام‘۔۔۔ یہ وہ الفاظ ہیں جنہیں سنتے ہی ذہن میں صرف ایک ہی تصور ابھرتا ہے اور وہ تصور ہے ایسے شخص کا جو ہر معاملے میں اپنی بیوی کے حکم کا منتظر رہتا ہو۔
اور جب کسی ڈرامے کا عنوان ہی ’جورو کا غلام‘ ہو، تو سنتے ہی آپ ہی آپ سمجھ میں آجاتا ہے کہ ڈرامہ مزاحیہ ہوگا۔
’ہم ٹی وی‘ سے شروع ہونے والے نئے مزاحیہ ڈرامہ سیریل ’جورو کا غلام‘ آپ کو ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کردے گا ۔۔‘ یہ کہنا ہے ہم ٹی وی کے عہدیدار منہاس صغیر کا۔
وائس آف امریکہ کو مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا: ’ڈرامے کے اہم کردار ہیں عافیہ اور اس کا شوہر نعمان۔ عافیہ، نعمان سے عمر میں تقریباً 13 سال چھوٹی ہونے کے علاوہ خوبصورت، چنچل اور جوان بھی ہے۔۔اس پر اس کی نخروں نے گویا نعمان کو اپنے سحر میں لے لیا ہے۔‘
صغیر کے مطابق، ’نعمان بھیگی بلی کی طرح عافیہ کا ہر ناز نخرہ اٹھانے اور ہر بات ماننے کے لیے ہردم تیار رہتا ہے۔ بالآخر، نوبت یہاں تک آجاتی ہے کہ وہی نعمان جس نے ہمیشہ فرمانبرداری اختیار کی اب اپنے ماں باپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بیوی کی سائڈ لینا شروع کر دیتا ہے۔
یہاں سے کہانی ایک ایسا موڑ لیتی ہے جس میں ایک جانب کرداروں کے درمیان رسا کشی شروع ہو جاتی ہے تو دوسری جانب جذباتی نوعیت کی بلیک میلنگ اس کامیڈی پلے کو مزید ’رنگین اور سنگین‘ بنا دیتی ہے۔
ڈرامے کی ہدایات دی ہیں قاسم لطیف نے، جبکہ اسے پروڈیوس کیا ہے نبیل نے۔ کاسٹ میں شامل ہیں نبیل، شہناز پرویز، محمود اختر، نوید رضا اور انعم تنویر۔